عوامی رکشہ یونین کے کارکن ظلم اورناجائز تجاوزات کے خلاف30اپریل کوکریم مارکیٹ میں احتجاجی دھرنا دیں گے

منگل 28 اپریل 2015 20:51

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 28اپریل۔2015ء ) لی پارکنگ کمپنی کے اہلکاروں کے کریم مارکیٹ علامہ اقبال ٹاؤن میں رکشہ ڈرائیوروں پرظلم اورناجائز تجاوزات کے خلاف جمعرات 30اپریل کو شام 4 بجے عوامی رکشہ یونین کے کارکن احتجاجی دھرنا دیں گے اور یکم مئی کو لی پارکنگ کمپنی کے ہیڈ کواٹر کے باہر دھرنا دیا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار عوامی رکشہ یونین کے چیئرمین مجید غوری نے مشاورتی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ کریم مارکیٹ علامہ اقبال ٹاؤن میں لی پارکنگ کمپنی کے اہلکار رکشہ ڈرائیوروں کو پرچی لینے سے انکار کرنے پرزدو کوب کرتے ہیں۔حقیر جان کر گالی گلوچ کرتے ہیں۔اس مارکیٹ میں تجاوزات کی بھرمار ہے جہاں رکشہ کھڑا کرو تاجر دھتکار دیتے ہیں۔

(جاری ہے)

بہت دفعہ پیار سے سمجھا چکے منت سماجت کے جواب میں دھکے مارے گئے لیکن اب ظلم کی انتہا ہوچکی ۔

مجید غوری کا کہنا تھا کہ اگر کریم مارکیٹ میں ہم روزی نہیں کما سکتے تو ان کو بھی کاروبار آسانی سے نہیں کرنے دیں گے۔انہوں نے کہا کہ اپنے متحرک کارکنوں کو دھرنا کیلئے کال دے دی گئی ہے اور پروگرام کے تحت تما م رکشہ ڈرائیور کریم ماکیٹ پہنچ جائیں گے اور مطالبات کی منظوری تک دھرنا جاری رہے گا۔ جوں جوں وقت گزرتا جائے گا۔ کارکنوں کی تعداد بڑھتی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :