سیلاب کی تباہ کاریوں اور قیمتی جانوں کے ضیاع پر جمعیت علماء اسلام کا اظہار افسوس

حکومت نے بر وقت اقدامات نہ کرکے غفلت کا مظاہرہ کیا ، قبائل میں بلدیاتی انتخابات کا اعلان کیا جائے آئی ڈی پیز کے مسائل کو حل کیا جائے ،باعزت واپس لیجانے کے اقدامات کئے جائیں،جمعیت علماء اسلام خیبرپختونخوا

منگل 28 اپریل 2015 20:31

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 28اپریل۔2015ء) جمعیت علماء اسلام صوبہ خیبر پختونخوا کی مجلس عمومی کا اجلاس مولانا گل نصیب خان کی صدارت میں تحسین القرآن نوشہرہ میں منعقد ہو ا جسمیں ارکان مجلس عاملہ مولانا شجاع الملک، عبدالجلیل جان، مولانا عطاء الحق درویش، مولانا رفیع اﷲ قاسمی، مولانا اشرف علی، عین الدین شاکر، مولانا عزیز احمد، عبدالوحیدم سینٹر صالح شاہ، مفتی کفایت اﷲ، سید ہدایت اﷲ شاہ، مولانا خیبر البشر، مولانا فضل علی، مفتی سجاد، مولانا محمد ہاشم اور دیگر ارکان عاملہ نے شرکت کی، مولانا گل نصیب خان، مولانا شجاع الملک اور دیگر قائدین نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صوبہ بھر میں بلد یاتی انتخابات کے حوالہ سے اضلاع کی کارگردگی کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ جمعیت پورے صوبے میں بلدیاتی انتخابات میں شاندار کامیابی حاصل کریگی، اجلاس میں قبائل ایجنسیوں کے ارکان عاملہ نے بھی شرکت کی اجلاس میں متفقہ طور پر مطالبہ کیا گیا کہ قبائل میں بھی بلدیاتی انتخابات کا اعلان کیا جائے، اجلاس میں بلدیاتی انتخابات میں حکومت اور صوبائی وزراء کی مداخلت پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری مداخلت کرکے وزراء اور حکمرانوں کی مداخلت کو روکے، اجلاس میں سیلاب کی حالیہ تباہ کاریوں ،قیمتی جانوں کے ضیاعپر افسوس کا اظہار کیا گیا اور غمزدہ اور متائثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا ہے اور اسے حکومت کی غفلت کا نتیجہ قرار دیا ہے، اجلاس میں مطالبہ کیا گیا کہ متائثرہ خاندانوں کے ساتھ بھر پور مالی اعانت کی جائے، اجلاس میں سینٹ کی خالی نشست میں حصہ لینے کا فیصلہ کیا اور اپوزیشن جماعتوں سے رابطہ کا فیصلہ کیا گیا۔