الخدمت فاؤنڈیشن کے تحت ڈاکٹروں وسرجنز کی امدادی ٹیم آئندہ چندروز میں نیپال جائیگی

4 ہزار سے زائد جانوں کا ضیاع بڑا المیہ ہے،متاثرہ علاقوں میں ہزاروں زخمی امداد کے منتظر ہیں،ڈاکٹرزوسرجنز تعاون کریں ،صدر الخدمت

منگل 28 اپریل 2015 20:29

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 28اپریل۔2015ء) الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے صدر محمد عبد الشکور نے نیپال میں آنے والے ہولناک زلزلے اور انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ کا اظہار کر تے ہو ئے کہا ہے کہ 4 ہزار سے زائد جانوں کا ضیاع ایک بڑا المیہ ہے اورمتاثرہ علاقوں میں اب بھی ہزاروں زخمی امداد کے منتظر ہیں جن کے لیے امدادی سامان خصوصاََ ڈاکٹرز اور سرجنز کی اشد ضرورت ہے۔

یہ بات انہوں نے منگل کو ایک بیان میں کہی ۔محمد عبد الشکور نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن نیپال کے مقامی فلاحی ادارے کے ساتھ مل کر متاثرہ علاقے میں طبی امداد سمیت خوراک اور ہائی جین کِٹس کی فراہمی کا انتظام کر رہی ہے اورالخدمت ڈیزاسٹر مینجمنٹ پروگرام کے نیشنل ڈائریکٹر احسان اﷲ قریشی کی سر براہی میں ڈاکٹرز اور سرجنز پر مشتمل امدای ٹیم آئندہ چند روز میں نیپال روانہ ہو گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ متاثرہ علاقے میں بڑے میڈیکل ریلیف آپریشن کی اشد ضرورت ہے اور اگر متاثرین تک اگر بروقت امداد نہ پہنچائی گئی تو اموات کے ساتھ بڑی تعداد میں افراد کا مستقل اپاہج ہونے کا خطرہ بڑھ جائے گا۔صدر الخدمت نے ملک بھر میں ڈاکٹرز اور سرجنز سے اپیل کی کہ وہ نیپال کے مصیبت زدہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں جاری رکھنے کے لیے رضاکارانہ طور پر خدمات سر انجام دیں۔

متعلقہ عنوان :