سندھ کی تقسیم کی بات کرنیوالے عوام اور ملک کے خیر خواہ نہیں ہیں،شاہ محمد شاہ

سندھ اردو اور سندھی بولنے والوں کی ماں ہے ،تقسیم کی بات کرکے یہ ماں کی خدمت نہیں کررہے ہیں ،اسلم ابڑو کے ہمراہ پریس کانفرنس

منگل 28 اپریل 2015 20:29

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 28اپریل۔2015ء) سندھ کی تقسیم کی بات کرنے والے عوام اور ملک کے خیر خواہ نہیں ہیں ۔سندھ اردو اور سندھی بولنے والوں کی ماں ہے اور تقسیم کی بات کرکے یہ ماں کی خدمت نہیں کررہے ہیں ۔ایسی باتیں ناقابل برداشت اور قابل مذمت ہیں ۔کنٹونمنٹ ایریاز کے بلدیاتی انتخابات نے ثابت کردیا ہے کہ اس ملک کی سب سے بڑی اور وفاقی جماعت مسلم لیگ (ن) ہے ۔

نواز شریف جلد سندھ کا تفصیلی دورہ کریں گے ۔ذوالفقار مرزا اور آصف علی زرداری کے مابین الزامات سے اب یہ بات واضح ہوگئی ہے کہ دونوں چور ہیں ۔ان خیالات کا اظہار مسلم لیگ (ن) سندھ کے سینئر نائب صدر شاہ محمد شاہ اور سیکرٹری اطلاعات محمد اسلم ابڑو نے مسلم لیگ (ن) میڈیا سیل میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر صوبائی صدر کے کوآرڈی نیٹر چوہدری طارق بھی موجود تھے ۔

شاہ محمد شاہ نے کہا کہ اس وقت ملک مشکل ترین حالات سے گذر رہا ہے ۔لیکن خوشی کی بات یہ ہے کہ سیاسی اور عسکری قیادت ایک پیج پر ہے اور تمام معاملات کو مل کر حل کرناچاہتی ہے ۔یمن کی صورت حال پر پاکستانی قیادت اور قوم نے متفقہ فیصلہ دیا ہے ۔سعودی عرب میں مقدس مقامات کے تحفظ کے لیے ہر پاکستانی اپنی جان کی قربانی دینے کے لیے تیار ہے ۔یمن میں باغیوں کے گروپ نے ایک منتخب حکومت کے خلاف بغاوت کی ہے ۔

ہم سمجھتے ہیں کہ نواز شریف کی مثبت پالیسی معاملے کو مذاکرات کے ذریعے حل کرانے میں معاون ثابت ہوگی ۔انہوں نے کہا کہ چین نے 46ارب ڈالر کی پاکستان میں سرمایہ کاری کی ہے یہ بہت بڑی کامیابی ہے ۔اس کا تمام کریڈٹ مسلم لیگ (ن) اور نواز شریف کو جاتا ہے ۔آصف علی زرداری پانچ سال تک حکومت میں رہے اور متعدد غیر ملکی دورے کیے وہ قوم کو بتائیں کہ وہ کتنا غیر ملکی سرمایہ لے کر آئے ۔

پاک چین کوریڈور منصوبے سے ملک بھر کو فائدہ ہوگا ۔سندھ کو کوئلے کے حوالے سے فائدہ ملے گا ۔انہوں نے کہا کہ کنٹونمنٹ ایریاز کے بلدیاتی انتخابات نے یہ ثابت کردیا ہے کہ مسلم لیگ (ن)ملک کی سب سے بڑی پارٹی ہے ۔چاروں صوبوں سے ہم نے نشستیں حاصل کی ہیں اور سندھ سے بھی مشکل حالات کے باوجود پانچ نشستیں حاصل کرلیں ۔یہ بات درست ہے کہ فیصل کنٹونمنٹ میں نشستوں کے حصول کے لیے صوبائی نائب صدر علی اکبر گجر نے محنت کی ہے ۔

شاہ محمد شاہ نے کہا کہ ذوالفقار مرزا اور آصف علی زرداری ایک دوسرے پر سنگین الزامات لگارہے ہیں اور اس سے یہ معلوم ہوتا ہے کہ دونوں ہی ایک دوسرے کے بارے میں سچ کہہ رہے ہیں ۔جو کچھ انہوں نے لوٹا وہ قوم کا لوٹا ہے ۔جب دونوں ایک دوسرے کو چور کہہ رہے ہیں تو یقینا چور ہیں ۔انہوں نے کہا کہ بعض لوگ سندھ کی تقسیم کی باتیں کررہے ہیں ۔سندھ ہم سب کی ماں ہے ۔

سندھ نے گنگا جمنا کی تہذیب والوں کو بھی سندھی اجرک اور ٹوپی پہنانا سکھادیا ہے ۔اب ہم سب کا جینا مرنا سندھ میں ہی ہے ۔ہم ایک دوسرے کے اچھے برے کے ساتھی ہیں۔اس لیے سندھ کی تقسیم کی باتیں قابل مذمت ہیں ۔اس طرح کی باتوں سے گریز کرنا چاہیے ۔سندھ کو کسی صورت تقسیم نہیں ہونے دیں گے ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے مسلم لیگ (ن) نے کمیٹی تشکیل دی ہے جو حلقہ بندیوں سے ٹکٹ کی تقسیم تک تمام معاملات کی نگرانی کرے گی ۔قبل ازیں شاہ محمد شاہ اور اسلم ابڑو نے میڈیا سیل کا افتتاح کیا ۔

متعلقہ عنوان :