مناواں اور گجرپورہ میں دو لڑکیوں نے زہریلی گولیاں نگل کر اپنی زندگیوں کا خاتمہ کر لیا

شاہدرہ سے نومولود ،لاری اڈا سے 70سالہ شخص کی لاشیں برآمد، نہر میں نہاتے ہوئے 12سالہ لڑکاڈوب گیا

منگل 28 اپریل 2015 20:27

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 28اپریل۔2015ء) صوبائی دارالحکومت کے علاقہ مناواں اور گجرپورہ میں دو لڑکیوں نے زہریلی گولیاں نگل کر اپنی زندگیوں کا خاتمہ کر لیا، شاہدرہ سے نومولود جبکہ لاری اڈا سے 70سالہ شخص کی لاشیں برآمد، نہر میں نہاتے ہوئے 12سالہ لڑکاڈوب گیا جسکو تلاش نہ کیا جا سکا ۔ بتایا گیا ہے کہ گجرپورہ میں 18سالہ سمعیہ نے گھریلو حالات سے دلبرداشتہ ہو کر زہریلی گولیاں نگل لیں جس سے اسکی موت واقع ہو گئی ۔

ایدھی فاؤنڈیشن کے مطابق لاش کو میو ہسپتال کے مردہ خانے منتقل کر دیا گیا ۔

(جاری ہے)

مناواں میں 23سالہ ثانیہ نے بھی گھریلو حالات سے دلبرداشتہ ہو کر زہریلی گولیاں نگل کر زندگی کا خاتمہ کر لیا ۔ شاہدرہ کے علاقہ ونڈالہ میں راہگیروں کی اطلاع پر پولیس نے نومولود کی لاش برآمد کرکے مردہ خانے منتقل کر دی ۔ لاری اڈا سے بھی 70سالہ نا معلوم شخص کی لاش برآمد ہوئی ہے جسے مردہ خانے منتقل کر کے ورثاء کی تلاس شروع کر دی گئی ۔ ہربنس پورہ کے علاقہ لال پل نہر میں 12سالہ لڑکا حمزہ رمضان نہاتے ہوئے گہرے پانی میں ڈوب گیا ۔ عینی شاہدین کی اطلاع کے بعد ریسکیو 1122اور پولیس موقع پر پہنچ گئی اور ڈوبنے والے لڑکے کی تلاش شروع کر دی گئی تاہم اسے تلاش نہ کیا جا سکا۔