وزیراعلیٰ کی زیر صدارت اجلاس ،ڈی جی خان میں پرائمری سکول کی چھت گرنے کے واقعہ کی انکوائری رپورٹ پیش

پرائمری سکول کو خستہ حال قرار دینے کے باوجود عمارت کی تعمیر ومرمت پر توجہ نہ دے کر غفلت کا مظاہرہ کیا گیا چیف سیکرٹری کی سربراہی میں ٹاسک فورس7روز میں سکولوں کی خطرناک عمارتوں کی جیو ٹیگنگ بارے سفارشات پیش کرے سکولوں کی خطرناک عمارتوں کے حوالے سے جامع سروے کرایا جائے ‘ وزیراعلیٰ پنجاب کا ویڈیولنک کے ذریعے اجلاس سے خطاب

منگل 28 اپریل 2015 20:25

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 28اپریل۔2015ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہاہے کہ ڈیرہ غازی خان کے علاقے مجاہد آبا د میں ایک پرائمری سکول کی چھت گرنے کا واقعہ انتہائی افسوسناک ہے ،پرائمری سکول کو خستہ حال قرار دینے کے باوجود عمارت کی تعمیر ومرمت پر توجہ نہ دے کر غفلت کا مظاہرہ کیا گیا،انسانی جان سے قیمتی کچھ نہیں ، بچوں کی جانوں کا تحفظ سب سے پہلی ترجیح ہونا چاہیے۔

وزیراعلیٰ محمدشہبازشریف یہاں ویڈیو لنک کے ذریعے اعلی سطح کے ا جلا س سے خطاب کر رہے تھے ۔چیئرمین وزیراعلیٰ انسپکشن ٹیم نے ڈیرہ غازی خان کے علاقے مجاہد آبا د میں ایک پرائمری سکول کی چھت گرنے کے واقعہ کے بارے میں انکوائری رپورٹ پیش کی ۔وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ڈیرہ غازی خان کے علاقہ مجاہد آباد کے پرائمری سکول کی عمارت کو خستہ حال قرار دینے کی وجہ سے بچوں کو تعلیم کیلئے دوسری عمارت میں منتقل کیا جانا چاہیے تھا۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے استفسار کیا کہ محکمہ سکولز ایجوکیشن کی مانیٹرنگ کا نظام کہاں تھا؟ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ محکمہ سکولز ایجوکیشن مانیٹرنگ اور انسپکشن کے نظام میں خامیاں فوری دور کرے ۔وزیراعلیٰ نے چیف سیکرٹری کی سربراہی میں ٹاسک فورس تشکیل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ ٹاسک فورس 7روز میں سکولوں کی خطرناک عمارتوں کی جیو ٹیگنگ کے حوالے سے سفارشات پیش کرے گی ۔انہوں نے کہاکہ سکولوں کی خطرناک عمارتوں کے حوالے سے جامع سروے کرایا جائے او رتھرڈ پارٹی آڈٹ لازمی ہونا چاہیے۔کمشنر ڈیرہ غازی خان کے دفتر سے ویڈیولنک کے ذریعے ایم پی اے عبدالعلیم شاہ، کمشنر ،ڈی سی او، ای ڈی او ایجوکیشن جبکہ کمشنر ملتان ڈویژن کے دفتر سے سیکرٹری سکولز ایجوکیشن نے اجلاس میں شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :