دو طرفہ تجارت کے فروغ کیلئے حقیقی درآمد اور برآمدکنندگا کیلئے ویزا کے اجراء کو آسان بنانے کی اشد ضرورت ہے، انجینئر رضوان

فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری ممبران کے کیسوں کی پروسیسنگ اور تصدیق کے ذریعے دراصل مختلف سفارتخانوں کیلئے آسانیا ں پیدا کرنے کی کوشش کر رہا ہے، فیڈرل ریپبلک آف جرمنی کے ویزا آفیسراکارڈ کرسمان سے ملاقات

منگل 28 اپریل 2015 20:17

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 28اپریل۔2015ء) دو طرفہ تجارت کے فروغ کیلئے حقیقی درآمد اور برآمدکنندگا کیلئے ویزا کے اجراء کو آسان بنانے کی اشد ضرورت ہے اور اس سلسلہ میں فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری اپنے ممبران کے کیسوں کی پروسیسنگ اور تصدیق کے ذریعے دراصل مختلف سفارتخانوں کیلئے آسانیا ں پیدا کرنے کی کوشش کر رہا ہے ۔

یہ بات فیصل آباد چیمبر کے صدر انجینئر رضوان اشرف نے فیڈرل ریپبلک آف جرمنی کے ویزا آفیسراکارڈ کرسمان سے ملاقات کے دوران بتائی ۔ انہو ں نے بتایا کہ اس سال 12 فروری کو جرمنی کے سفیر سیرل نن نے فیصل آباد کا دورہ کیا تھا جس میں ویزوں کے اجراء کے سلسلہ میں بعض معاملات پر بھی غور کیا گیا تھا ۔ ویزا آفیسر کے آج کے اس دورے کا مقصد ویزے کے بارے میں شکایات کو دور کرنا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ فیصل آباد 8 ملین کی آبادی کا شہر ہے جبکہ فیصل آباد چیمبر کے 5000 سے زائد ممبران صنعت و تجارت کے مختلف شعبوں سے وابستہ ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ٹیکسٹائل کی وجہ سے اس شہر کو دنیا کا ٹیکسٹائل کیپیٹل سمجھا جاتا ہے۔ پاکستان کی ٹیکسٹائل کی مجموعی 13 ارب ڈالر کی برآمدات میں فیصل آباد کا حصہ 60 فیصد سے زائد ہے۔ اس طرح فیصل آباد ملک کا دوسرا بڑا صنعتی شہر ہے۔

انجینئر رضوان اشرف نے بتایا کہ ہوم ٹیکسٹائل کی برآمدات کرنے والوں کیلئے جرمنی کے شہر فرینکفرٹ میں لگنے والا ہیم ٹیکس میلہ زبردست اہمیت کا حامل ہوتا ہے جس کے دوران پاکستانی برآمدکنندگا ن کو سال بھر کیلئے برآمدی آرڈرز ملتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ جرمنی سفارتخانہ ویزوں کے اجراء کے سلسلہ میں بہت ذمہ دار ہے لیکن عدم واقفیت اور رابطوں کے فقدان کی وجہ سے کئی حقیقی برآمدکنندگان ویزا حاصل نہیں کر سکتے اس طرح دونوں ملکوں کے درمیان رابطوں کے فقدان سے دو طرفہ تجارت بھی متاثر ہوتی ہے۔

انہوں نے بار بارسفر کرنے والے تاجروں کیلئے لمبی مدت کیلئے ملٹی پل انٹری ویزا کے اجراء پر زور دیا اور کہا کہ اس طرح انہیں بار بار ویزوں کے حصول کیلئے سفارتخانہ سے رابطہ کرنے سے چھٹکارہ مل جائیگا جبکہ سفارتخانہ پر بھی کام کا دباؤ کم ہوگا ۔ انجینئر رضوان اشرف نے بتایا کہ فیصل آباد چیمبر نے چینی سفارتخانے سے ایسا طریق کار ختیار کیا ہے جس کے تحت فیصل آباد چیمبر اپنے ممبران کے کیس خود پروسیسنگ کرکے تصدیقی لیٹر کے ہمراہ چینی سفارتخانے کو بھیجتاہے جس پر انہیں ویزا جاری کر دیا جاتا ہے۔

اس طرح جہاں ہمارے ممبران کیلئے ویزے کا حصول آسان ہوتا ہے وہاں چینی سفارتخانے کیلئے بھی ویزا پروسینگ میں آسانی ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کا طریق کار دوسرے سفارتخانوں کے تعاون سے بھی اختیار کیا جا تا ہے۔ انجینئر رضوان اشرف نے کہا کہ فیصل آباد چیمبر جرمنی کیلئے ایک تجارتی وفد ترتیب دے رہا ہے جس کے ویزوں کا اجراء ضروری ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ری نیو ایبل توانائی کے سلسلہ میں جرمنی نے کافی ترقی کی ہے ہم اس ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھانے کیلئے بھی کوشاں ہیں جبکہ اس سلسلہ میں ایک بین الاقوامی کانفرنس کا بھی پروگرام ہے۔

جرمن ویزا آفیسر نے ویزے کے اجراء کے طریق کار کی وضاحت کی اور بتایا کہ سفارتخانہ جانے سے پہلے آن لائن وقت لینا ضرور ی ہے جبکہ نا مکمل درخواستوں پر غور نہیں کیا جاتا ۔ مزید برآں جرمن جانے والوں کو ویزا کے حصول کیلئے بروقت درخواستیں دینی چاہیئں کیونکہ دی جانے والی درخواستوں پر ضابطے کی کارروائی کیلئے کچھ وقت درکار ہوتا ہے۔ اس موقع پرجرمن سفارتخانہ کے پریس اینڈ کمرشل سیکشن کی مس نکولا ہوخہاؤزن نے بھی خطاب کیا اور بعض ممبران کی طرف سے اٹھائے گئے نکات کی وضاحت کی ۔

اس نشست میں ساہیوال چیمبر کے صدر سہیل انصاری نے خاص طور پر شرکت کی۔ پاک جرمن بزنس فورم کے محمد یٰسین نے بتایا کہ یہ فورم دو طرفہ تجارت کے فروغ کیلئے 1997 میں قائم کیا گیا ہے جس کے ممبران کی تعداد ساڑھے تین سو ہے۔ یہ فورم دونوں ملکوں کیلئے تجارتی وفود ترتیب دینے کے ساتھ ساتھ مطلوبہ معلومات او سہولیات بھی مہیا کرتا ہے۔ انہوں نے جرمن پاکستان ٹریڈ انویسٹمنٹ کے بارے میں بھی بتایا اور کہا کہ توانائی کے متبادل ذرائع کے بارے میں 29 مئی سے جرمنی میں ایک کانفرنس ہو رہی ہے جس میں شرکت کرنے والوں کو ضروری سہولتیں مہیا کی جائیں گے۔

بعد میں سوال و جواب کی نشست میں انجینئر سہیل بن رشید ، جمیل احمد، سلمان اسلم ، ظفر اقبال سرور، فاروق یوسف ، راجہ عامر، عبیداﷲ شیخ، شیخ عبدالقیوم نے حصہ لیا۔ ساہیوا ل چیمبر کے صدر سہیل انصاری نے جرمن ویزا آفیسر کو فیصل آبد چیمبر کی خصوصی شیلڈ پیش کی جبکہ صدرچیمبرانجینئررضوان اشرف نے جرمنی سفارتخانہ کی محترمہ نکولا اور نائب صدر ایوان انعام افضل خان نے پاک جرمن بزنس فورم کے محمد یٰسین کو چیمبر کے بیچ لگائے۔ مہمانوں میں تحائف بھی تقسیم کئے گئے جبکہ آخر میں انعام افضل خان نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔

متعلقہ عنوان :