لیڈی ایچی سن ہسپتال میں بریسٹ کلینک کا افتتاح

حکومت صحت کے شعبہ کی ترقی کے لئے تاریخی اقدامات کررہی ہے‘خواجہ سلمان رفیق

منگل 28 اپریل 2015 20:06

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 28اپریل۔2015ء )مشیر صحت پنجاب خواجہ سلمان رفیق نے کہا ہے کہ صحت کے مسائل حل کرنے کے لئے آبادی میں اضافہ کنٹرول کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈسٹرکٹ وتحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتالوں میں سپیشلسٹ ڈاکٹرز کے لئے وزیراعلی محمد شہباز شریف نے ڈیڑھ ارب روپے کے تاریخی پیکج کی منظوری دی ہے ۔انہوں نے یہ بات لیڈی ایچی سن ہسپتال میں بریسٹ کلینک کے ا فتتاح کے موقع پر کہی۔

اس موقع پر ایم ایس ڈاکٹر ثمینہ جبین کے علاوہ ڈاکٹرز،نرسز بھی کافی تعداد میں موجود تھیں۔ ڈاکٹر ثمینہ جبین نے بتایا کہ پاکستان میں ہر سال 40 ہزار خواتین کینسر کے سرطان میں مبتلا ہوتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ اگر چھاتی کے کینسر کی جلد تشخیض ہو جائے تو کینسر کا مرض مکمل طور پر قابل علاج بیماری ہے لیکن پاکستان میں مخصوص سماجی رویوں کی وجہ سے خواتین تکلیف کے باوجود اپنا معائنہ نہیں کراتیں اور مرض آخری سٹیج پر پہنچ کرلا علاج ہو جاتا ہے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر ثمینہ جبین نے بتایا کہ لیڈی ایچی سن ہسپتال میں قائم کردہ بریسٹ کلینک میں بریسٹ سکریننگ کی جائے گی اور الٹرا ساؤنڈ کے ذریعے ٹیومر کی نشاندہی ہونے پر مریضہ کو متعلقہ سرکاری ہسپتال میں ریفر کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کلینک کے لئے جلد میموگرافی مشین بھی مہیا کر دے گی۔خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ صحت کے مسائل بہت زیادہ ہیں اور صحت مند معاشرے کے لئے جہاں صحت کی سہولیات میں اضافہ ضروری ہے وہاں اس کے ساتھ آبادی میں تیزی سے اضافہ کو بھی کنٹرول کرنا ناگزیر ہے۔

خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ حکومت صحت کے شعبہ کی ترقی کے لئے تاریخی اقدامات کررہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلی محمد شہباز شریف نے ڈسٹرکٹ اینڈ تحصیل ہیڈکوارٹرز ہسپتال میں سپیشلسٹ ڈاکٹرز کے لئے ڈیڑھ ارب روپے کا پے پیکج منظور کیا ہے۔ خواجہ سلمان رفیق نے لیڈ ی ایچی سن کی ایم ایس کو کہا کہ وہ اپنے ہسپتال کی ترقیاتی سکیمیں تحریری طور پر محکمہ صحت کو ارسال کریں تاکہ ترقیاتی سکیموں کو آئندہ مالی سال کے بجٹ میں شامل کیا جا سکے۔