ہسپتال کی اپ گریڈیشن کے بعد نئے آپریشن تھیٹرز جلد کام شرع کر دیں گے‘خواجہ سلمان رفیق

ہسپتال میں جگر کی پیوندکاری اب مقامی ڈاکٹرز کریں گے ‘بچوں کے وارڈ کی افتتاحی تقریب سے تقریب سے خطاب

منگل 28 اپریل 2015 20:05

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 28اپریل۔2015ء ) مشیر صحت پنجاب خواجہ سلمان رفیق نے کہا ہے کہ سٹیٹ آف دی آرٹ ہسپتال بنانے کے لئے حکومت تمام وسائل فراہم کرے گی، ہسپتال کی اپ گریڈیشن کے بعد نئے آپریشن تھیٹرز جلد فنکشنل ہو جائیں گے جس سے مریضوں کے لئے علاج معالجہ اور سرجری کی سہولیات میں مزید اضافہ ہو جائے گا۔یہ بات مشیر صحت پنجاب خواجہ سلمان رفیق نے شیخ زید ہسپتال میں ایک مخیر خاندان کی جانب سے بچوں کے ایمرجنسی وارڈ کی رینوویشن کے بعد اس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

اس موقع پر چیئرمین شیخ زید ہسپتال پروفیسر فرید احمد خان،ایڈمنسٹریٹر ڈاکٹر اکبر حسین،پروفیسر بنگش کے علاوہ سینئر ڈاکٹرز اور مخیر خاندان کے افراد نے شرکت کی۔خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ سرکاری ہسپتالوں میں مخیر حضرات کی جانب سے ترقیاتی منصوبوں کے لئے مالی تعاون سرکاری اداروں پر اعتماد کی عکاسی کرتا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت مخیر اور صاحب ثروت افراد کی جانب سے چیرٹی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔

خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ شیخ زید ہسپتال میں جگر کی پیوندکاری کے شعبہ کو ترقی دی جارہی ہے اور مقامی ڈاکٹرز خود لیور ٹرانسپلانٹ کریں گے۔ چیئرمین پروفیسر فرید احمد خان نے کہا کہ انہوں نے ہسپتال میں غریب مریضوں کے علاج کے لئے فنڈ قائم کر دیا ہے جس میں 5 لاکھ روپے انہوں نے اپنی طرف سے جمع کرائے ہیں۔ ڈاکٹر فرید احمد خان نے مزید کہا کہ شیخ زید ہسپتال میں ایسا نظام وضع کیا جارہا ہے کہ آنے والے مریض کو کم از کم ایمرجنسی سروسز بالکل مفت مہیا کی جا سکیں۔

انہوں نے کہا کہ شیخ زید ہسپتال کی اوپر کی منزل مکمل ہو چکی ہے اور جلد نئے آپریشن تھیٹرز اور وارڈز کو فنکشنل کرنے کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ اس موقع پر پیڈیا ٹرک وارڈ کی رینوویشن کا خرچ برداشت کرنے والے مخیر خاندان کے سربراہ عنصر منیر نے کہا کہ معاشرے کے صاحب حیثیت افراد کو ہر کام کے لئے حکومت کی طرف دیکھنے کے بجائے اپنی سماجی ذمہ داریاں پوری کرتے ہوئے انسانیت کی خدمت کے لئے آگے آنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ مریضوں کے لئے انتظار گاہ بنانے کا خرچ بھی ان کا خاندان برداشت کرے گا۔