طوفان باد و باران میں عوام کے جان و مال کی حفاظت میں غفلت برتنے والوں کیخلاف تحقیقات ہونی چاہئے،میاں افتخارحسین

قدرتی آفات اﷲ تعالیٰ کی طرف سے آزمائش ہے ،صوبائی حکومت کی جانب سے غفلت کا مظاہرہ ناقابل معافی جرم ہے،میڈیا سے گفتگو

منگل 28 اپریل 2015 20:05

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 28اپریل۔2015ء) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی جنرل سیکرٹری میاں افتخار حسین نے کہا ہے کہ طوفان باد و باران میں عوام کے جان و مال کی حفاظت میں غفلت برتنے والوں کے خلاف تحقیقات ہونی چاہئے ان خیالات کا اظہار انہوں نے لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں بدترین طوفان میں زخمیوں کی عیادت کے بعد میڈیا سے بات چیت اور بعد ازاں جاں بحق افراد کے گھر جا کر ان کے لواحقین سے تعزیت کرتے ہوئے کیا ، میاں افتخار حسین نے کہا کہ قدرتی آفات اﷲ تعالیٰ کی طرف سے آزمائش ہے تاہم صوبائی حکومت کی جانب سے جس غفلت کا مظاہرہ کیا گیا وہ ناقابل معافی جرم ہے ، انہوں نے کہا کہ محکمہ موسمیات کی جانب سے ایک روز قبل پیشگوئی کے باوجود احتیاطی تدابیر نہ کرنا ہی حکومت کی غفلت تھی ورنہ بہت سی قیمتی جانیں ضائع ہونے سے بچ جاتیں ، میاں افتخار حسین سکیم چوک اور تودہ خزانہ واحد گڑھی بھی گئے جہاں انہوں نے طوفان سے شہید ہونے والے 6افراد کے اہل خانہ سے ہمدردی کا اظہار کیا اور جاں بحق ہونے والوں کی مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی ، انہوں نے کہا کہ ایسے مواقع پر وزیر اعلیٰ ، صوبائی وزراء اور دیگر حکومتی عہدیداروں کی موجودگی نہایت اہم ہوتی ہے ، انہوں نے کہا کہ لوگوں کے دکھ درد میں شریک ہونا اور مشکل وقت میں ان کی داد رسی کرنا حکومت کی اولیں ترجیح ہونی چاہئے تاہم صوبائی حکومت نے جس غفلت اور لاپرواہی کا مظاہرہ کیا اس کے خلاف تحقیقات ہونی چاہئے انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ آندھی اور طوفانی بارشوں سے متاثرہ خاندانوں کیلئے نقد امداد کا اعلان کیا جائے ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر اے این پی ڈسٹرکٹ پشاور کے صدر ملک نسیم بھی ان کے ہمراہ تھے۔

متعلقہ عنوان :