Live Updates

خیبرپختونخوا پولیس کو عصری تقاضوں سے ہم آہنگ اور جدید فورس بنانے کیلئے کئی ایک اقدامات کئے گئے ہیں، پرویز خٹک

پی ٹی آئی حکومت اور پولیس کی پرعزم کاوشوں سے اب روایتی تھانہ کلچر ختم ہو چکا ،پولیس عوام کی خدمت گار بن چکی ہے،وزیراعلی خیبرپختونخوا

منگل 28 اپریل 2015 20:00

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 28اپریل۔2015ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے مردان میں پولیس سکول آف پبلک ڈس آرڈر اینڈ رایوٹ مینجمنٹ کا افتتاح کیا جس میں پولیس کو احتجاجی مظاہرین سے تشدد اور ہتھیاروں کے استعمال کے بجائے ان کے انسانی حقوق کا خیال رکھتے ہوئے دانشمندانہ حکمت عملی سے نمٹنے کی تربیت دی جائے گی یہ سکول پاکستان میں اپنی نوعیت کا پہلا تربیتی ادارہ ہے جو خیبرپختونخوا حکومت کی پولیس اصلاحات کے تحت قائم کیا گیا ہے تاکہ احتجاجی اور دیگر اقسام کے ہجوموں میں پائے جانے والے اشتعال کو طاقت کے استعمال کے بجائے بات چیت اور دوسرے مہذب طریقوں سے ٹھنڈا کیا جا سکے پولیس سٹیشن طورو مردان کی ملحقہ عمارت میں قائم کئے گئے تربیتی سکول کو تمام جدید سہولتوں سے آراستہ کیا گیا ہے اور تربیت کے لئے دوسرے ماہرین کے علاوہ پی ایچ ڈی پروفیسروں کی خدمات بھی حاصل کی گئی ہیں سکول کی افتتاحی تقریب میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے سکول کے قیام اور پولیس میں صوبائی حکومت کی دیگر اصلاحات کو کامیاب بنانے پر انسپکٹر جنرل پولیس ناصر خان درانی اور ان کی ٹیم کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ آج ہمیں صوبے کی پولیس پر فخر ہے جسے مسلح افواج کی طرح ایک مکمل فورس اور منظم ادارہ بنادیا گیا ہے اُنہوں نے کہا کہ ہم نے پولیس کے معاملات میں سیاسی مداخلت ختم کرنے کا وعدہ پورا کیا جس کے بدلے میں پولیس نے جدید تربیت اور نئے عزم کے ساتھ عوام کی خدمت گار بننے کا وعدہ بھی پورا کردیا اُنہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت اور پولیس کی پرعزم کاوشوں سے اب روایتی تھانہ کلچر ختم ہو چکا ہے اور پولیس عوام کی خدمت گار بن چکی ہے انہوں نے کہا کہ پولیس سکول آف پبلک ڈس آرڈر اینڈ رایوٹ مینجمنٹ کے قیام سے پولیس نے ترقی اور جدت میں ایک اور سنگ میل طے کرلیا ہے اُنہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا پولیس کو عصری تقاضوں سے ہم آہنگ اور جدید فورس بنانے کیلئے کئی ایک اقدامات کئے گئے ہیں جن میں پولیس سکول آف انوسٹی گیشن، پشاور، پولیس سکول آف انٹیلی جنس ایبٹ آباد، سکول آف ایکسپلوزو ہینڈلنگ نوشہرہ اور صوابی و ملاکنڈ کے پولیس ٹریننگ سکول بھی شامل ہیں پرویز خٹک نے کہا کہ بدقسمتی سے ماضی قریب میں عوام کے احتجاجی جلسوں اور جلوسوں کو ایسے منفی طریقوں سے کنٹرول کرنے کی کوششیں کی گئیں جن سے عوام اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ایک دوسرے کے سامنے آکھڑے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس صورتحال میں پولیس کو ایسی تربیت کی ضرورت تھی جس سے وہ کسی بھی ہجوم کو نظم و ضبط، انسانی حقوق اور اس کے شہری وقار کا خیال رکھتے ہوئے خوش اسلوبی سے سنبھال سکیں اُنہوں نے یقین دلایا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی نفری میں اضافے، انفراسٹرکچر اور دیگر سہولیات کی فراہمی، پولیس کو جدید ہتھیاروں سے لیس کرنے اور اس کی مراعات میں اضافے کیلئے وسائل کی کمی کو آڑے نہیں آنے دیا جائے گا اُنہوں نے صوبے میں امن و امان کی بحالی کی کاوشوں میں پولیس کی قربانیوں اورعزم نو پر اسے خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پولیس فورس کو دہشت گردی کی روک تھام کے قابل بنانے کیلئے بھی جدید تربیت کی ضرورت تھی اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے آئی جی پولیس ناصر خان درانی نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت کے وژن کے تحت پولیس میں تبدیلی اور اسے عوام کی خدمتگار کیلئے پولیس کی استعداد کار، عوام کے ساتھ مل کر کام کرنے اور اصلاحات سازی کے شعبوں پر توجہ مرکوز کی گئی اُنہوں نے بتایا کہ مظاہروں اور عوام کے دوسرے مشتعل ہجوموں کی نفسیات کو سمجھ کر ان کے ساتھ طاقت کے بجائے پر امن حکمت عملی سے نمٹنے کی ضرورت تھی جسے پورا کرنے کیلئے تربیتی سکول کا قیام عمل میں لایا گیا اُنہوں نے کہا کہ اس طرح کی حکمت عملی سے کسی معمولی واقعہ کو پورے ملک میں پھیلنے سے روکا جا سکتا ہے جبکہ اس طریقے سے شہریوں کے انسانی حقوق اور وقار کا تحفظ بھی ممکن ہو سکے گااس سے قبل مظاہرین سے پرامن طور پر نمٹنے کا عملی مظاہرہ بھی پیش کیا گیا جسے حاضرین نے بے حد سراہا وزیراعلیٰ نے اس موقع پر سکول میں کورس مکمل کرنے والے 67 پولیس افسروں اور جوانوں میں سرٹیفکیٹ بھی تقسیم کئے بعدازں وزیراعلیٰ نے شیخ ملتون ٹاؤن مردان کے پولیس سٹیشن کا دورہ بھی کیا جہاں آئی جی پولیس نے اُنہیں ایف آئی آرکے اندراج کے لئے قائم کی گئی جدید سہولتوں کے بارے میں آگاہ کیا وزیراعلیٰ نے صوبے کے مزید تھانوں کو اس طرح کی سہولتوں سے آراستہ کرنے کیلئے وسائل فراہم کرنے کا یقین دلایا۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات