وزارت مذہبی امور نے خواتین کے حج درخواست فارم پر محرم سے رشتے کا اندراج لازمی قراردیدیا

منگل 28 اپریل 2015 18:59

وزارت مذہبی امور نے خواتین کے حج درخواست فارم پر محرم سے رشتے کا اندراج ..

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 28اپریل۔2015ء) وزارت مذہبی امور نے خواتین کے حج درخواست فارم پر محرم سے رشتے کا اندراج لازمی قراردے دیا ہے اورشرعی رشتہ کی کوڈ لسٹ بینکوں کو مہیا کر دی گئی ۔شرعی محرم میں شوہر، والد، بھائی ، بیٹا، دادا، نانا، سسر، چچا، ماموں ، بھتیجا ، بھانجا ، پوتا، نواسا اور داماد شامل ہیں۔ اس فہرست میں بہنوئی ‘ دیور اور جیٹھ وغیرہ شامل نہیں۔

ایک محرم کے ساتھ زیادہ سے زیادہ چار خواتین سفر حج کر سکتی ہیں۔ حج پالیسی کے تحت کسی بھی خاتون کو محرم کے بغیر سفر حج پر جانے کی اجازت نہیں - فقہ جعفریہ اور یا اہل سنت کے تمام مسالک کی خواتین کے ساتھ شرعی محرم کا سفر کرنا ضروری ہے۔خواتین عازمین حج کو ہدایت کی گئی ہے کہ درخواست فارم کے متعلقہ خانے میں محرم کے ساتھ شرعی رشتہ اور شرعی رشتہ کا کوڈ درج کریں‘ محرم کا حج درخواست نمبر متعلقہ خانے میں درج کریں اور محرم سے دستخط کروائیں۔

(جاری ہے)

وزارت کی طرف سے حج درخواستیں جمع کرنے والے بینک افسران کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ ا پنی مرضی سے کسی اجنبی عورت کو حاجیوں کے کسی گروپ میں شامل نہ کریں - حج پر جانے والے مرد کسی ایسی خاتون کا محرم بننے سے گریز کریں جس کے وہ شرعی محرم نہیں ۔نا آشنا مردوں کو عورتوں کا محرم بنا نا غلط ہے -جعلی محرم سعودی عرب پہنچ کر اپنے ساتھ آنے والی ان خواتین کی مدد اور دیکھ بھال نہیں کر سکتے ، یہ خواتین خود بہت سے کام خود انجام نہیں دے سکتیں ‘ اس طرح حج کے سفر میں ان کے لئے مزید مشکلات پیدا ہو جاتی ہیں۔