صوبائی متحدہ علماء بورڈ پنجاب کے چیئرمین فضل الرحیم اشرفی کی زیر صدارت اہم اجلاس

خلاف ضابطہ نشر و اشاعت پر سکروٹنگ کیلئے2 نگران کمیٹیاں تشکیل

منگل 28 اپریل 2015 18:54

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 28اپریل۔2015ء) صوبائی متحدہ علماء بورڈ پنجاب کا اہم اجلاس 90شاہراہ قائداعظم میں چیئرمین متحدہ علماء بورڈ فضل الرحیم اشرفی کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں مختلف مکاتب فکر کے علماء کرام، ممبرز متحدہ علما ء بورڈ، سیکرٹری اوقاف ومذہبی احمد شہریار سلطان، ڈی جی اوقاف و مذہبی امور سید محمد طاہر رضا بخاری، سیکرٹری قانون و پارلیمانی امور ،سیکرٹری انفارمیشن وکلچر ،سیکرٹری پراسیکیویشن، ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس بھی موجود تھے۔

اجلاس میں بین المذاہب اور پر امن بقائے باہمی مذہبی راواداری کے فروغ اور دیگر متعلقہ امور پر تفصیلی غور و خوض ہوا اور متحدہ علماء بورڈ پنجاب کے فیصلہ جات پر عمل درآمد کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں خلاف ضابطہ نشر و اشاعت پر ایف آئی آر درج کرنے سے قبل اس کی سکروٹنگ کے لئے2 نگران کمیٹیاں عمل درآمد کمیٹی اور رابطہ کمیٹی تشکیل دی گئیں۔

عمل درآمد کمیٹی مفتی انتخاب احمد، مولانا عبدالوہاب ، ڈاکٹر علامہ محمد حسین پر مشتمل ہو گی جبکہ رابطہ کمیٹی میں ممبران ڈاکٹر جمیل الرحمان، مولانا عبدالروف فاروقی ، مولانا زبیر احمد ظہیر علامہ امین احمد شامل ہوں گے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اخبارات میں اشتہار کے ذریعے ناشرین کو مطلع کیا جائے کہ متنازعہ اور اشتعال انگیزمیٹریل کو ضبط کر لیا جائے گا اور اس میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ اگر کوئی متنازعہ مواد شائع ہوا تو اس کے خلاف کارروائی عمل میں لانے سے قبل متحدہ علماء بورڈ تفصیلی غورو خوض کرے گی جس کے لیے محکمہ اوقاف کو پابند کیا گیا کہ وہ اشاعت شدہ کتب کے 6سیٹ متحدہ علما ء بورڈ کو ارسال کریں گے۔ اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ 328صفحات پر مشتمل متحدہ علما بورڈ کی جانب سے جاری کردہ سفارشات پر ہوم ڈیپارٹمنٹ سے نوٹیفکیشن جاری ہونے کے بعد ان پر عمل درآمد کرایا جائے۔

متعلقہ عنوان :