قائمقام گورنر رانا محمد اقبال سے پنجاب کی نئی تعینات ہونے والی خاتون محتسب اعلیٰ فرخندہ وسیم افضل کی ملاقات

خواتین کے مسائل حل کرنے اور ان کو فوری انصاف فراہم کرنا ہماری اولین ترجیح ہے‘ رانا محمد اقبال کی ملاقات میں گفتگو

منگل 28 اپریل 2015 18:26

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 28اپریل۔2015ء) قائمقام گورنر پنجاب رانا محمد اقبال نے کہا ہے کہ خواتین کے مسائل حل کرنے اور ان کو فوری انصاف فراہم کرنا ہماری اولین ترجیح ہے ،اس مقصد کے لیے صوبائی محتسب اور دیگرتمام اداروں کو مزید فعال بنایا جائے گا ،ہمارے ہاں خواتین کی بہت بڑی تعداد اپنے حقوق کے بارے میں نہیں جانتی حتیٰ کہ انہیں ایسے اداروں کے بارے میں بھی ادراک نہیں جو اُن کی فلاح و بہبود کے لیے کوشاں ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجاب کی نئی تعینات ہونے والی خاتون محتسب اعلیٰ فرخندہ وسیم افضل سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے منگل کے روز گورنر ہاؤس لاہور میں ان سے ملاقات کی اور اپنی نئی ذمہ داریوں کے حوالے سے آگاہ کیا ۔ قائمقام گورنررانا محمد اقبال نے اس سلسلے میں خاتوں محتسب اعلیٰ کے دفتر کے بارے آگاہی مہم شروع کرنے اور ایک ھیلپ لائن سروس کے آغاز کی تجویزدی تا کہ مختلف مسائل کا شکارخواتین ٹیلی فون کے ذریعے مشورے لے سکیں ۔

(جاری ہے)

گورنر پنجاب نے فرخندہ وسیم افضل کو نئی ذمہ داری سنبھالنے پر مبارکباد دی اور توقع ظاہر کی کہ خاتون محتسب اپنی بہترین انتظامی صلاحیتوں کو بروئے کا ر لاکر خواتین کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گی ۔ فرخندہ وسیم افضل نے گورنر پنجاب کو بتایا کہ خاتون محتسب کے دفتر کو مزید فعال بنانے کے لیے مختلف مالی ، انتظامی اور قانونی اصلاحات پر کام شروع کر دیاگیا ہے۔

متعلقہ عنوان :