موجودہ حکمرانوں کی سیاست کا محور ملک و قوم کی خدمت نہیں ، ان کے اپنے ذاتی مفادات ہیں ‘آمنہ الفت

حکمران اپنے اقتدار کو دوام اور استحکام بخشنے کیلئے ایسی پالیسیاں اور منصوبے تشکیل دے رہے ہیں جس کا فائدہ ان کی اپنی ذات کو زیادہ ہے

منگل 28 اپریل 2015 18:24

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 28اپریل۔2015ء)پاکستان مسلم لیگ (ق)شعبہ خواتین لاہور کی صدر و سابق ایم پی اے آمنہ الفت نے کہا ہے کہ موجودہ حکمران اپنے اقتدار کو دوام اور استحکام بخشنے کیلئے ایسی پالیسیاں اور منصوبے تشکیل دے رہے ہیں جس کا فائدہ ملک و قوم کی بجائے ان کی اپنی ذات کو زیادہ ہے ، یہ بات شرمناک سہی مگر حقیقت ہے کہ پاکستان کی بیشتر آبادی تیزی سے غریب تر اور مقروض ہو رہی ہے مگر موجودہ حکمران اپنی جیبوں کو عوام کی خون پسینے سے کمائی ہوئی دولت سے بھر رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ یہ ہماری بدقسمتی ہے کہ ہم نے 70 ارب ڈالر کے قرضے حاصل کرکے بے مصرف اور بے معنی منصوبوں پر خرچ کرڈالے مگر ملکی معیشت کو بہتر بنانے کیلئے انتہائی اہم کوئی ایک بھی ڈیم نہیں بنایا ، چین کے حالیہ 46 ارب ڈالر کے منصوبے بھی موجودہ حکمرانوں کی اپنی ذات سیاست اور حکومت کے گرد گھومتے ہوئے نظر آرہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں کو اپنی ذات سیاست اور مفادات سے قطع نظر قومی منصوبے بنانے ہونگے ، حکومت کو اپنی سوچ اور ترجیحات میں انقلاب لانے کی ضرورت ہے قومی مسائل کو وقت کی گرد میں عارضی طور پر دبانے کی بجائے ان کے مستقل خاتمے کیلئے حکمت عملی کی ضرورت ہے ۔