پنجاب’’ قبضہ ‘‘گروپوں کیلئے’’ محفوظ تر ین صوبہ‘‘ بن چکا ہے‘ چوہدری محمد سرور

حکمرانوں سے زیادہ قبضہ گروپ زیادہ مضبوط نظر آر ہے ہیں جو حکمرانوں کی بے بسی کا واضح ثبوت ہے

منگل 28 اپریل 2015 18:06

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 28اپریل۔2015ء)تحر یک انصاف کی کور کمیٹی کے رکن چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ پنجاب’’ قبضہ ‘‘گروپوں کیلئے’’ محفوظ تر ین صوبہ‘‘ بن چکا ہے‘حکمرانوں سے زیادہ قبضہ گروپ زیادہ مضبوط نظر آر ہے ہیں جو حکمرانوں کی بے بسی کا واضح ثبوت ہے ‘صوبے میں بیڈ گورننس کی وجہ سے پنجاب دیوالیہ پن کا شکا ر ہو رہا ہے ‘کسانوں کو پسند اور نہ پسند کی بجائے میرٹ پر باردانہ تقسیم کیا جا ئے ۔

منگل کے روز اپنے ایک بیان میں چوہدری محمدسرور نے کہا ہے کہ پنجاب کے 30 اضلاع میں 1 لاکھ 16ہزار 350 ایکڑ سے زائدسرکاری زمین قبضہ گروپوں کے زیر قبضہ ہونے سے پنجاب کے حکمرانوں کے گڈگورننس اور قبضہ گروپوں کے خاتمے کی مکمل نفی ہو رہی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سرکاری زمینوں پر قبضہ کرنیوالے بااثر افراد کیخلاف حکومتی مشنری مکمل طور پر بے بس ہو چکی ہے گھربوں روپے مالیت کی قیمتی زمین قبضہ گروپوں سے واگزار کروا کر لیز پر دینے سے سالانہ اربوں روپے ریونیو بڑھایا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ پنجاب کے حکمران صرف باتیں کر نے اور نعرے لگانے کی بجائے صوبے میں قبضہ گروپوں کے خلاف عملی اقدامات کر یں کیونکہ پنجاب میں قبضہ گروپ حکو مت سے زیادہ مضبوط ہو چکے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ حکمران اپنی غلطیوں سے سبق حاصل کر نے کی بجائے قوم کو بے وقوف بنانے کیلئے ہر وقت گڈ گور ننس کے جھوٹے نعرے لگانے میں مصروف ہیں ۔