تعصب ،تقسیم کے سیاسی نعرے ہم سے سوچنے اور سمجھنے کی صلاحیت چھین لیتے ہیں،سینیٹر تاج حیدر

سندھ کو جدا کرنے کی باتیں کرنیوالوں کو یہ حقیقت نظر انداز نہیں کرنی چاہئے کہ دیہی علاقے ، شہری علاقوں کے بغیر طویل عرصے تک گزارہ کرسکتے ہیں،رہنماء پیپلزپارٹی

منگل 28 اپریل 2015 18:06

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 28اپریل۔2015ء)پاکستان پیپلزپارٹی سندھ کے جنرل سیکریٹری سینیٹر تاج حیدر نے سندھ کی تقسیم کے مطالبے پر اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ وقت آگیا ہے کہ ہر زبان بولنے والے سندھی اس حقیقت کو اچھی طرح سمجھ لیں کہ آپس میں یکجہتی ، اتحاد اور یگانگت ہی وہ واحد راستہ ہے جو سندھ کے ہر زبان بولنے والے سندھیوں کی خوشحالی اور ترقی کا ضامن ہے۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ تعصب اور تقسیم کے سیاسی نعرے ہم سے سوچنے اور سمجھنے کی صلاحیت چھین لیتے ہیں۔ یہ نعرے تیسری قوتوں کو یہ موقع فراہم کرتے ہیں کہ وہ سندھ کے سیاسی اور معاشی حقوق پر مسلسل ڈاکہ ڈالتے رہیں اور سندھ کے وسائل کو سندھ کے عوام کے بجائے اپنے مصارف میں لاتے رہیں۔تعصب کی سیاست کی وجہ سے سندھ آج پسماندہ ہے۔

(جاری ہے)

کتاب سے نفرت، تعلیم سے دوری، اور اعلیٰ اقدار کی پامالی صرف اسی منفی سیاست کا نتیجہ ہیں۔

ہم اپنے فائدے نقصان سے بے خبر ہوکر متعصبانہ جذبات کی رو میں بہتے ہوئے اپنے پاؤں پر کلہاڑی مار رہے ہیں۔ ایک جانب کا تعصب دوسری جانب کے تعصب کو مضبوط کرتا ہے اور ہم بحیثیت مجموعی ایک اجتماعی خودکشی سے نزدیک تر ہوتے جارہے ہیں۔ سینیٹر تاج حیدر نے کہا کہ شہری سندھ کو جدا کرنے کی باتیں کرنے والوں کو یہ حقیقت نظر انداز نہیں کرنی چاہیے کہ دیہی علاقے ، شہری علاقوں کے بغیر طویل عرصے تک گزارہ کرسکتے ہیں لیکن شہری علاقے ہفتہ بھربھی دیہی علاقوں کے بغیر گزارہ نہیں کرسکتے ۔

نیز یہ کہ شہروں کی خوشحالی براہ راست طور پر دیہی علاقوں کی خوشحالی ، وہاں کی پیداوار میں اضافے اور دیہی عوام کی قوت خرید میں اضافے سے منسلک ہے۔ سینیٹر تاج حیدر نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی ایک ایسا پلیٹ فارم ہے جہاں ملک کے ہر زبان بولنے والے محبت اور یگانگت کے ساتھ عوام اور صوبوں کے حقوق اور اجتماعی ترقی کیلئے کام کررہے ہیں۔ ہماری سیاست میں کسی قسم کے تعصب کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔ سندھ کے عوام اور پاکستان پیپلزپارٹی کسی بھی صورت میں سندھ کی تقسیم نہیں ہونے دیں گے۔