اپوزیشن کا حکومتی ارکان کے مقابلے میں کم ترقیاتی فنڈز اور خواتین کو ترقیاتی فنڈ کی عدم فراہمی پر قومی اسمبلی سے واک آؤٹ

فنڈز برابری کی بنیاد پر دیئے جائیں، ورنہ نہ ہی دیئے جائیں ٗسید خورشید شاہ میٹرو منصوبے میں اتفاق فاؤنڈری کا لوہا اور سیمنٹ میاں منشا کا استعمال ہورہا ہے ٗمنور تالپور اتفاق فاؤنڈری نے سریا بنانا چھوڑ دیا ٗ اب پاکستان بنارہے ہیں ٗ شیخ آفتاب

منگل 28 اپریل 2015 18:04

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 28اپریل۔2015ء) اپوزیشن نے حکومتی ارکان کے مقابلے میں کم ترقیاتی فنڈز اور خواتین کو ترقیاتی فنڈ کی عدم فراہمی پر قومی اسمبلی سے واک آؤٹ کیا جبکہ اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے کہا ہے کہ فنڈز برابری کی بنیاد پر دیئے جائیں، ورنہ نہ ہی دیئے جائیں ٗوزیر مملکت شیخ آفتاب نے کہا ہے کہ اتفاق فاؤنڈری نے سریا بنانا چھوڑ دیا ٗ اب پاکستان بنارہے ہیں۔

منگل کو اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے قومی اسمبلی اجلاس میں اپوزیشن ارکان کو کم فنڈز دینے کا معاملہ اٹھاتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن ارکان کو 2 کروڑ اور حکومتی ارکان کو 5 کروڑ ترقیاتی فنڈز دیئے گئے ہیں، یہ امتیازی سلوک ناقابل برداشت ہے، فنڈز برابری کی بنیاد پر دیئے جائیں، ورنہ نہ ہی دیئے جائیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ترقیاتی فنڈز کے معاملے پر خواتین ارکان کے ساتھ ہیں، اگر انہیں فنڈز نہ دیئے گئے تو وہ اپنے فنڈز بھی واپس کردیں گے، فنڈز کے معاملے پر اپوزیشن اور خواتین ارکان نے ایوان سے واک آؤٹ کیا۔

اجلاس کے دور ان پیپلز پارٹی کے منور تالپور نے سوال اٹھایا کہ کیا میٹرو منصوبے میں اتفاق فاؤنڈری کا لوہا اور سیمنٹ میاں منشا کا استعمال ہورہا ہے۔اس پر وزیر مملکت شیخ آفتاب نے بتایا کہ اتفاق فاؤنڈری نے سریا بنانا چھوڑ دیا ٗ اب پاکستان بنارہے ہیں، راولپنڈی، اسلام آباد میٹرو بس منصوبہ دھرنوں کی وجہ سے تاخیر کا شکار ہوا، تاخیر کے باوجود منصوبہ مقررہ لاگت 44 ارب روپے میں مکمل ہوگا۔