کراچی، بجلی کی لوڈ شیڈنگ اور پانی کی قلت کے معاملے پر حکومتی ایوانوں میں خاموشی لمحہ فکریہ ہیـ ،شیخ محمد شکیل

منگل 28 اپریل 2015 17:45

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 28اپریل۔2015ء) پاسبان کراچی کے صدر شیخ محمد شکیل نے کہا ہے کہ بجلی کی بد ترین لوڈ شیڈنگ اور شہر کراچی میں پانی کی شدید قلت کے معاملے پر حکومتی ایوانوں میں خاموشی لمحہ فکریہ ہے ،حکومتی ایوانوں میں بیٹھے عوامی نمائندے عوام کے مسائل پر بات تک نہیں کررہے پاسبان ہی واحد سیاسی جماعت ہے جو عوام کے مسائل پر آواز بلند کئے ہوئے ہے ، حکومتی ایوانوں میں بیٹھے عوامی نمائندوں کو ایک دوسرے کو انتخابات میں کامیابی اور کامیاب جلسہ کرنے کی مبارکباد دینے اور ذاتی و پارٹی مفادات پر مبنی قرار دادیں پاس کرنے کا سلسلہ اب بند کرنا ہوگا اور عوام کو بجلی کی لوڈ شیڈنگ اور پانی کی قلت سے نجات دلانے کے لئے حکمت عملی مرتب کرنے کے لئے اجلاس بلانا ہوگا، حکومت اگر چاہے تو ملک میں وافر مقدار میں بجلی پیدا کی جاسکتی ہے اور سمندری پانی کو میٹھا کرنے کے لئے پلانٹ لگا کر پانی کی قلت کا سلسلہ بھی ختم کیا جاسکتا ہے ۔

(جاری ہے)

وہ پاسبان پاکستان کے کراچی سیکریٹریٹ گلشن اقبال میں آئے ہوئے شہریوں کے نمائندہ وفود سے ملاقات میں گفتگو کررہے تھے ۔ شیخ محمد شکیل نے کہا کہ گلشن اقبال ، گلستان جوہر ، سہراب گوٹھ ، نیو کراچی ، سرجانی ، نارتھ کراچی ، گلبرگ ، ایف بی ایریا ، لیاقت آباد، لیاری ، بلدیہ ٹاؤن ، مواچھ گوٹھ ، کیماڑی ، صدر ، گذری ، لانڈھی ، کورنگی ، بن قاسم ٹاؤن اور دیگر آبادیوں باالخصوص غریب آبادیوں میں کئی کئی گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے ۔

جس سے شہریوں کی گھریلو زندگی اور کاروبار بری طرح متاثر ہورہا ہے جبکہ پانی کی قلت کے باعث شہری مہنگے داموں ٹینکر خریدنے پر مجبور ہیں اور اکثر علاقوں میں پانی کی قلت کے معاملے کو ایک سال سے زائد کا عرصہ ہوچکا ہے مگر تاحال ان علاقوں میں پانی کی قلت کا معاملہ حل نہیں کیا جارہا ہے۔

متعلقہ عنوان :