مئی میں راولپنڈی میٹروس بس منصوبہ کا افتتاح ہو جائیگا ٗ وزیر مملکت شیخ آفتاب احمد

روزانہ ایک لاکھ سے زائد افراد سفر کرینگے، لاگت کے اعتبار سے کرایہ لیا جائے تو 50 روپے سے بھی بڑھ جائیگا ٗ اسمبلی میں خطاب

منگل 28 اپریل 2015 17:41

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 28اپریل۔2015ء) وفاقی وزیر مملکت شیخ آفتاب نے کہا ہے کہ مئی میں راولپنڈی میٹروس بس منصوبہ کا افتتاح ہو جائیگا ٗ منصوبہ کیلئے ہمیں سبسڈی دینا پڑیگی، روزانہ ایک لاکھ سے زائد افراد سفر کریں گے، لاگت کے اعتبار سے کرایہ لیا جائے تو 50 روپے سے بھی بڑھ جائیگا۔منگل کو پیپلز پارٹی کی ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو کے راولپنڈی اسلام آباد میٹرو بس منصوبے کی لاگت اور افادیت سے متعلق توجہ مبذول نوٹس کا جواب دیتے ہوئے وزیر مملکت شیخ آفتاب حمد نے کہا کہ میٹرو بس منصوبہ صرف غریبوں کیلئے ہے یہ ان لوگوں کیلئے ہے جن کے پاس گاڑی تو دور کی بات ہے موٹرسائیکل بھی نہیں ہوتی، لاہور میں میٹروبس منصوبہ کامیابی سے چل رہا ہے، مئی میں راولپنڈی میٹرو بس منصوبہ کا افتتاح ہو جائے گا، ملتان میں بھی میٹرو بس منصوبہ کے لئے ٹھیکہ دیا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آر ڈی اے اور سی ڈی اے نے مل کر راولپنڈی اسلام آباد میٹرو بس منصوبہ بنایاہے اس کی طوالت ساڑھے 22 کلومیٹر ہے اور 24 اسٹیشن تعمیر کئے گئے ہیں جن میں سے 10 راولپنڈی اور 14 اسلام آباد کی حدود میں آئیں گے، یہ پہلا بڑا منصوبہ ہے جو صرف غریبوں کے لئے ہے۔ توجہ وزیر مملکت شیخ آفتاب احمد نے کہا کہ اس منصوبہ کے لئے ہمیں سبسڈی دینا پڑے گی، روزانہ ایک لاکھ سے زائد افراد اس پر سفر کریں گے، اگر لاگت کے اعتبار سے کرایہ لیا جائے تو یہ 50 روپے سے بھی بڑھ جائے گا، حکومت پٹرول اور دیگر مدات میں سبسڈی دے رہی ہے، اگر حکومت میٹرو بس منصوبہ کے لئے سبسڈی دے رہی ہے تو اس کو سراہا جانا چاہیے۔

ایک اور سوال کے جواب میں وزیر مملکت نے کہا کہ یہ منصوبہ 44 ارب میں ہی مکمل ہو گا اس پر اضافی لاگت نہیں آئے گی۔ ایک ارو سوال کے جواب میں وزیر مملکت شیخ آفتاب احمد نے کہا کہ میٹرو بس منصوبہ شفاف انداز میں دیا گیا ہے اور تمام قواعد و ضوابط مدنظر رکھے گئے ہیں،کاغذات مزید تحقیقات کے لئے نیب کو بھی بھجوائے گئے ہیں تاکہ کل کوئی انگلی نہ اٹھا سکے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پی آئی اے کے اخراجات بھی برداشت کرتی ہے جس میں امیر لوگ سفر کرتے ہیں، غریبوں کے اس منصوبہ پر تنقید نہ کی جائے۔

متعلقہ عنوان :