سندھ حکومت واپڈا کی 66ارب روپے کی نادہندہ ہے ٗ اپوزیشن لیڈر بقایا جات وصول کر انے میں تعاون کریں ٗ خواجہ آصف

سندھ میں پرائیویٹ اور سرکاری سیکٹر بجلی کے واجبات کی مد میں ایک پیسہ دینے پر تیار نہیں ہے ٗ وفاقی وزیر کااسمبلی میں اظہار خیال بقایات جات کی ادائیگی کیلئے سندھ حکومت سے بات کرینگے ٗ سید خورشیدشاہ کی یقین دہانی

منگل 28 اپریل 2015 17:41

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 28اپریل۔2015ء) وفاقی وزیر پانی وبجلی خواجہ محمد آصف نے انکشاف کیا کہ سندھ حکومت واپڈا کی 66ارب روپے کی نادہندہ ہے ٗ اپوزیشن لیڈر اور پیپلز پارٹی سندھ حکومت سے بقایا جات وصول کر انے میں تعاون کریں ٗ سندھ میں پرائیویٹ اور سرکاری سیکٹر بجلی کے واجبات کی مد میں ایک پیسہ دینے پر تیار نہیں ہے جبکہ اپوزیشن لیڈر سید خورشید نے یقین دہانی کرائی ہے کہ بقایات جات کی ادائیگی کیلئے سندھ حکومت سے بات کرینگے منگل کو نکتہ اعتراض پر ایاز سومرو نے کہا کہ لاڑکانہ میں طویل لوڈشیڈنگ جاری ہے، جو لوگ بل نہیں دیتے ان کے کنکشن کاٹ دیئے جائیں،اس کا ازالہ کیا جائے۔

پیپلز پارٹی کے رہنما کے جواب میں وزیر پانی و بجلی خواجہ محمد آصف نے کہا کہ فاضل رکن کی باتوں سے ہم اختلاف نہیں کر سکتے، ہم لاڑکانہ چھوڑ کر سندھ کے جس شہر میں جانا پڑا جائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سندھ کی دو ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کا سندھ کی صوبائی حکومت کے ساتھ ادائیگیوں کا معاملہ سابق دور سے چل رہا ہے، 66 ارب روپے کی رقم سندھ حکومت نے دینی ہے، 19 ارب روپے سندھ حکومت نے تسلیم کر لئے ہیں اس کی بھی ادائیگی نہیں ہوتی، ۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کی رقم ادا کر دی جائے، 66 ارب کی جگہ سندھ حکومت نے ہمیں 600ملین روپے ادا کئے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں پرائیویٹ اور سرکاری سیکٹر بجلی کے واجبات کی مد میں ایک پیسہ دینے پر تیار نہیں ہے، ہو سکتا ہے کہ بل غلط بن گیا ہو مگر جس رقم کو تسلیم کر لیا گیا ہے وہ رقم تو ہمیں ادا کی جائے، پنجاب سمیت ملک کے جس حصے سے بھی بل کی ادائیگی نہیں ہو گی بجلی نہیں دیں گے، بلوچستان میں بھی ٹیوب ویلوں کی بجائے ہوٹلوں میں فکس ریٹ کی بجلی استعمال ہو رہی ہے۔

قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے وزیر پانی و بجلی کو یقین دہانی کرائی کہ ہم سندھ حکومت سے بات کریں گے کہ وفاق کی رقم ادا کی جائے۔ اجلاس کے دور ان جمعیت علمائے اسلام (ف) کے رکن مولانا گوہر شاہ نے بتایا کہ چارسدہ، نوشہرہ اور پشاور میں طوفانی بارش کی وجہ سے بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان ہو چکا ہے، چارسدہ میں بجلی کا نظام بحال کرنے کے لئے فوری احکامات صادر کئے جائیں، متاثرہ لوگوں کی فوری مدد کی جائے۔