جوڈیشل کمیشن کی تشکیل کے بعد عمران بند گلی میں داخل ہوگئے،الزامات کی طرح سیاسی دعوے بھی کھوکھلے ہیں، چودھری محمد برجیس طاہر

عمران خان کے سیاسی شر سے کوئی ذی شعور محفوظ نہیں،تحریک انصاف کا جوڈیشل کمیشن میں بیان مضحکہ خیز ہے،جلد قوم کے ہاتھ قائد پی ٹی آئی کے گریبان پر ہونگے، گورنر گلگت بلتستان

منگل 28 اپریل 2015 17:26

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 28اپریل۔2015ء) گورنر گلگت بلتستان /وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمد برجیس طاہر نے کہا ہے کہ جوڈیشل کمیشن کی تشکیل کے بعد تحریک انصاف بند گلی میں داخل ہوگئی ہے۔ جوڈیشل کمیشن میں تحریک انصاف کی طرف سے ٹھوس ثبوت نہ پیش کر سکنا اس بات کی دلیل ہے کہ تحریک انصاف کے الزامات کھوکھلے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو انٹرویو دیتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ تحریک انصاف جوڈیشل کمیشن میں ثبوت پیش کرنے کی بجائے آئیں بائیں شائیں کر رہی ہے۔ تحریک انصاف کا ثبوت پیش کرنے کے استفسار پر یہ کہنا کہ ثبوت تھیلوں میں بند ہیں، ایک مضحکہ خیز جواب ہے اور اس قوم، ریاست اور اس کے اداروں کے ساتھ مذاق کے مترادف ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جس طرح عمران خان اور ان کی جماعت کے الزامات کھوکھلے ہیں اسی طرح ان کی سیاست بھی کھوکھلی ہے جب کہ عوام حقیقت سے بخوبی آگاہ ہوچکے ہیں۔ گورنر/ وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران خان کنٹینر پر کھڑے ہوکر لوگوں کی پگڑیاں اچھالنے میں ید طولیٰ رکھتے ہیں اور ان کے سیاسی شَر سے کوئی ذی شعور محفوظ نہیں۔ انہوں نے ایسے لوگوں پر بھی الزامات عائد کیے جنہوں نے ریاستی اداروں کی بالادستی میں اپنا خون پسینہ لگایا۔

مزید برآں انہوں نے نئی نسل کی سیاسی تربیت میں جو کردار ادا کیا وہ کسی تبصرے کا محتاج نہیں۔ گورنر نے کہاکہ اگر عمران خان اور ان کی جماعت ثبوت فراہم نہیں کرے گی تو بہت جلد اس قوم کے ہاتھ ان کے گریبان پر ہوں گے۔ کیونکہ ایک طرف تو انہوں نے کنٹینر پر چڑھ کر ملک کو ناقابل تلافی معاشی نقصان پہنچایا جب کہ دوسری طرف سماجی تانا بانا بھی ادھیڑنے کی کوشش کی۔ گورنر نے کہا کہ عوام اس قسم کے سیاسی مداریوں سے ہوشیار رہیں۔