وسائل واقتدار کے ایوانوں پر اشرافیہ قابض ہے‘ میاں مقصوداحمد

ملک کے اسلامی تشخص کو شدید خطرات لاحق ہیں‘ امیرجماعت اسلامی لاہور

منگل 28 اپریل 2015 17:07

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 28اپریل۔2015ء)امیرجماعت اسلامی لاہور میاں مقصود احمد نے کہا ہے کہ بیرونی طاقتیں اور پاکستان دشمن قوتیں پاکستان کو عد م استحکام اورناکام ریاست بنانے کی مسلسل کوششوں میں لگی ہوئی ہیں ،بدقسمتی سے ہمارے حکمران انھی قوتوں کے الہ کار بنے ہوئے ہیں۔ ملک میں عوام کے خلاف جاری معاشی دہشت گردی ،اقرباپروری،کرپشن ،مہنگائی وبے روزگاری کو ختم کرنے میں حکومت بری طرح ناکام نظر آتی ہے۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ امیر اور غریب کے لیے الگ الگ قوانین ہیں طاقتور اربوں کی کرپشن کرنے کے باوجود آئین وقانون کی گرفت سے آزاد گھوم رہے ہیں۔ جاگیرداروں ،وڈیروں اور مخصوص طبقے نے نظام کو یرغمال بنارکھا ہے۔ وسائل واقتدار کے ایوانوں پر اشرافیہ قابض ہے۔

(جاری ہے)

حال ہی میں ہونے والے انتخابات اس بات کے عکاس ہیں۔ سودی معیشت،استعماری سیاست اور ہندوانہ کلچر نے ہماری تہذیب کا جنازہ نکال دیا ہے۔

ملک کے وسائل واقتدار کو حکمرانوں نے یرغمال بنارکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنے ملک کی ایک عجیب تصویر دنیاکے سامنے پیش کررکھی ہے۔ جس سے ملک کے اسلامی تشخص کو شدید نقصان پہنچ رہا ہے۔ ہم نے آج تک اس ملک کے مسلمانوں کی اقدار کو غلط رنگ میں ہی پیش کیا ہے۔ چند فیصد لوگوں کے غلط رویے اور اعمال سارے مسلمانوں کی عکاسی نہیں کرتے ،بدقسمتی سے ہمارے بارے میں مغرب جو تصوررکھتا ہے ہمارے حکمرانوں نے ہمیشہ اس کو تقویت ہی پہنچائی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پوری دنیا میں اسلام کے احیاء کے لیے پاکستان میں قرآن وسنت کے نظام کا نفاذ ضروری ہے۔ ملک میں کرپشن ،جہالت،مہنگائی،بے روزگاری ،لوڈشیڈنگ گویا کہ ہر طرح کی دہشت گردی 68سال سے اقتدار پر قابض استعمار کے غلام حکمرانوں کی وجہ سے ہے۔ملک دشمن قوتوں نے پاکستان سمیت عالم اسلام میں ترقی وخوشحالی کے عمل کو روکنے کے لیے ہمیشہ جمہوری قوتوں کے راستے میں رکاوٹیں کھڑی کرکے آمریت کو سپورٹ کیا ۔