مضبوط معیشت میں مزدور کا کردار ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے‘ شہبازشریف

منگل 28 اپریل 2015 16:58

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 28اپریل۔2015ء)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ مضبوط معیشت میں مزدور کا کردار ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے ، پنجاب حکومت نے مزدوروں کی فلاح وبہبود کیلئے متعدد اقدامات اٹھائے ہیں اور عالمی لیبر ڈے پر مزدوروں کی فلاح وبہبود کیلئے مزید اقدامات کا اعلان کیا جائے گا۔وہ یہاں ویڈیو لنک کے ذریعے سول سیکرٹریٹ میں اجلاس سے خطاب کر رہے تھے، اجلاس کے دوران صوبے کے مزدوروں کی فلاح وبہبود کیلئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔

وزیراعلیٰ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خلیجی ممالک خصوصاً قطر اوردبئی میں ہنر مند افرادی قوت کی بہت مانگ ہے اورپنجاب حکومت نے ہنر مند افرادی قوت کو ان ممالک میں بھجوانے کیلئے جامع حکمت عملی وضع کی ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ مزدوروں کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں دینے اوران کی تربیت پر خصوصی توجہ دی جائے ۔ پنجاب میں لیبر کالونیوں میں بنیادی سہولتیں ترجیحی بنیادوں پر مہیا کی جائیں اورمزدوروں کیلئے مقرر کردہ کم از کم تنخواہ کی ادائیگی پر عملدر آمد یقینی بنایا جائے ۔

وزیراعلیٰ نے مزید ہدایت کی کہ پنجاب میں مزدوروں کے حقو ق کے تحفظ اور ان کی مناسب دیکھ بھال کے حوالے سے جامع پلان مرتب کیا جائے اور اس ضمن میں جلد سفارشات کو حتمی شکل دی جائے۔صوبائی وزیر محنت اورسیکرٹری محنت نے مزدوروں کی فلاح وبہبودکیلئے کیے جانے والے اقدامات کے حوالے سے بریفنگ دی۔صوبائی وزیر محنت راجہ اشفاق سرور،پارلیمانی سیکرٹری محنت میاں نوید، سیکرٹری محنت،سیکرٹری منصوبہ بندی و ترقیات،ڈی جی ایل ڈی اے اور متعلقہ حکام نے ویڈیو لنک کے ذریعے سول سیکرٹریٹ سے اجلاس میں شرکت کی۔