شرجیل میمن نے سندھ بھر میں ممکنہ بارشوں کے پیش نظر رین ایمرجنسی نافذ کردی

منگل 28 اپریل 2015 16:54

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 28اپریل۔2015ء) وزیر اطلاعات و بلدیات سندھ شرجیل انعام میمن نے صوبے بھر میں ممکنہ بارشوں کے پیش نظر رین ایمرجنسی نافذ کردی ہے۔صوبے بھر کے تمام بلدیاتی ملازمین کی چھٹیاں منسوخ کردی گئی ہیں۔ جبکہ ایڈمنسٹریٹر کے ایم سی، تمام اضلاع کے ایڈمنسٹریٹرز ومیونسپل کمشنرز اور ٹی ایم ایز کو فوری طور پر کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کے لئے تیار رہنے کہ ہدایات جاری کردی ہیں۔

پیر کی شب صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے صوبے بھر میں محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کردہ بارشوں کی پیشنگوئی کے تحت صوبے بھر میں فوری طور پر رین ایمرجنسی نافذ کردی ہے۔ اپنے بیان میں صوبائی وزیر نے صوبے بھر کی تمام ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن کو سختی سے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی بھی ناخوشگوار حالات سے نبردآزما ہونے کے لئے تمام تر تیاریاں مکمل کرلی جائیں اور خصوصاًسندھ کی ساحلی پٹی اور کراچی کی انتظامیہ تمام تر حفاظتی اقدامات کو بروئے کار لائے۔

(جاری ہے)

شرجیل میمن نے ہدایات جاری کی ہیں کہ تمام نالوں کی ہنگامی بنیادوں پر صفائی کا کام مکمل کیا جائے اور ایم واٹر بورڈ اور تمام اضلاع کے چیف انجنئیرز فوری طور پر نالوں کی صفائی اور سیوریج نظام کو مکمل طور پر درست کرلیں۔ شرجیل میمن نے ہدایات جاری کرتے ہوئے مزید کہا ہے کہ کسی بھی لاپرواہی کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا اورتمام افسران و ذمہ داران فوری طور پر اپنے اپنے ڈسٹرکٹ اور علاقوں میں ہنگامی بنیادوں پر ممکنہ بارشوں سے نبردآزما ہونے کے لئے تمام تیاریاں مکمل کرلیں۔

متعلقہ عنوان :