Live Updates

لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں تمام معاملات کنٹرول میں ہیں ، مسلسل ڈاکٹرز کے ساتھ رابطے میں تھے ، ڈاکٹرز کی درخواست پر ہسپتال نہ آئے کہ وی آئی پی موومنٹ سے مشکل ہوتی ہے ، کچھ لوگ ہسپتال میں فوٹو سیشن کیلئے آتے ہیں ، ا وزیر اعلیٰ اور دیگر صوبائی وزیر کام کرتے ہیں تشہیر نہیں کرتے ، خیبرپختونخوا کے تمام سرکاری ہسپتالوں کو ماڈل بنائیں گے

تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی لیڈی ریڈنگ ہسپتال کے باہر میڈیا سے گفتگو

منگل 28 اپریل 2015 16:19

لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں تمام معاملات کنٹرول میں ہیں ، مسلسل ڈاکٹرز کے ..

پشاور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 28اپریل۔2015ء ) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں تمام معاملات کنٹرول میں ہیں ، میں اور پرویز خٹک مسلسل ڈاکٹرز کے ساتھ رابطے میں تھے ، ڈاکٹرز کی درخواست پر ہسپتال نہ آئے کہ وی آئی پی موومنٹ سے مشکل ہوتی ہے ، کچھ لوگ ہسپتال میں فوٹو سیشن کیلئے آتے ہیں ، ہمارا وزیر اعلیٰ اور دیگر صوبائی وزیر کام کرتے ہیں تشہیر نہیں کرتے ، خیبرپختونخوا کے تمام سرکاری ہسپتالوں کو ماڈل بنائیں گے ۔

وہ منگل کو لیڈی ریڈنگ ہسپتال کے باہر میڈیا سے گفتگو کررہے تھے ۔ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے اپنی اہلیہ ریحام خان ، نعیم الحق ، وزیر صحت خیبرپختونخوا شہرام ترکئی سمیت دیگر رہنماؤں کے ہمراہ لیڈی ریڈنگ ہسپتال کا دورہ کیا ۔

(جاری ہے)

ڈاکٹرز نے عمران خان کو زخمی سے متعلق بریفنگ دی ۔ ہسپتال کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ہسپتال میں تمام معاملات کنٹرول میں ہیں ، تین مہینوں میں آپ کو لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں واضح فرق نظر آئے گا ۔

لیڈی ریڈنگ ہسپتال کو پہلے رول ماڈل بنائیں گے پھر اس کے مطابق دیگر سرکاری ہسپتالوں کو بھی بہترین بنا دیں گے، خیبرپختونخوا کے تمام ہسپتالوں کو پورے پاکستان کیلئے ماڈل بنائیں گے ۔ عمران خان نے کہا کہ میں اور پرویز خٹک مسلسل ڈاکٹرز کے ساتھ رابطے میں تھے ، ڈاکٹرز نے پرویز خٹک کو نہ آنے کی درخواست کرتے ہوئے کہا تھا کہ وی آئی پی موومنٹ سے مشکل ہوتی ہے جس کی وجہ سے ہم نہ آئے ، آج بھی میں ایسے وقت میں ہسپتال آیا ہوں جب ڈاکٹرز کو مشکل نہ ہو ۔

مجھے اور وزیراعلیٰ کو ایک ایک چیز کی خبر تھی ، وزیر صحت شہرام ترکئی بھی ہر معاملے کی خبر رکھے ہوئے تھے ۔ عمران خان نے کہا کہ سرکاری ہسپتالوں کا نظام سست ہے ، یہاں پروفیشنلز کو لگائیں گے ۔ خیبرپختونخوا حکومت کا فیصلہ ہے کہ ہسپتالوں اور یونیورسٹیوں پر سب سے زیادہ پیسہ خرچ کرنا ہے ۔ ایک صحافی کے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہمارے وزیراعلیٰ پرویز خٹک کام زیادہ کرتے ہیں ، مشہوری پر توجہ نہیں دیتے جس کی وجہ سے ان کے کام نظر نہیں آتے جبکہ دیگر کام کم کرتے ہیں اور میڈیا پر ایڈ زیادہ چلاتے ہیں

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات