مسلم لیگ (ق) نے پشاور میں طوفانی بارشوں کے نتیجہ میں46 اموات پر تعزیتی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کروادی

منگل 28 اپریل 2015 16:11

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 28اپریل۔2015ء) مسلم لیگ (ق)شعبہ خواتین پنجاب کی صدر و رکن صوبائی اسمبلی خدیجہ عمرفاروقی نے پنجاب اسمبلی میں پشاور میں طوفانی بارشوں کے نتیجہ میں 46اموات پر پنجا ب اسمبلی میں تعزیتی قرار داد جمع کرواد ی ۔انہوں نے تعزیتی قرارداد میں کہا کہ پشاور میں طوفانی بارشوں کے نتیجہ میں اموات اور نقصانات پر افسوس ہے صوبائی اور وفاقی حکومت متاثرین کی بحالی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ صوبہ سرحد میں طوفان بادو باراں سے بے پناہ مالی نقصانات کے علاوہ علاقہ میں مواصلاتی نظام درہم برہم ہوگیا ہے اور کئی علاقے زیر آب آگئے ہیں اس لیے وسیع پیمانے پر امدادی سرگرمیوں کی ضرورت ہے جس میں وفاق کے ساتھ ساتھ صوبہ پنجاب بھی شامل ہوں انہوں نے کہا کہ طوفان بادو باراں سے پشاور کے ساتھ ساتھ نوشہرہ اور چارسدہ میں بارش اور ژالہ باری سے بھی نقصان پہنچا ہے جس کے باعث 200سے زائد افراد زخمی بھی ہوئے ہیں خدیجہ فاروقی نے کہا کہ سیاسی اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے متاثرین کی امداد کیلئے پنجاب اور مرکزی حکومت فی الفور ریلیف کی کاروائیوں میں حصہ لے مشکل کی اس گھڑی میں خیبر پختونخواہ کے ساتھ اظہار یکجہتی کا عملی ثبوت پیش کرے۔