لاہور ہائیکورٹ نے عام انتخابات میں مبینہ دھاندلی کا جائزہ لینے کے حوالے سے بنائے گئے جوڈیشل کمیشن کے قیام کے خلاف دائر درخواست میں تحریک انصاف کو فریق بنانے کے لئے دائر درخواست پر فریقین کے وکلاءکو دلائل کے لئے طلب کر لیا۔

Umer Jamshaid عمر جمشید منگل 28 اپریل 2015 15:08

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 28اپریل۔2015ء) لاہور ہائیکورٹ کی جسٹس عائشہ اے ملک نے کیس کی سماعت کی۔تحریک انصاف پنجاب کے صدر اعجاز چوہدری کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ جوڈیشل کمیشن کا قیام عمل میں آنے کے بعد اسکی تشکیل کے خلاف درخواست کی سماعت نہیں کیا جا سکتی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مبینہ دھاندلی کا جائزہ لینے کے حوالے سے قائم جوڈیشل کمیشن کے روبرو تمام سیاسی جماعتیں پیش ہو کر اپنا موقف واضح کر رہی ہیں مگر عام آدمی کی جانب سے کمیشن کی تشکیل کو عدالت عالیہ میں چیلنج کر دیا گیا جو کہ خلاف قانون ہے۔

انہوں نے عدالت سے اس درخواست میں فریق بننے کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ کمیشن کی تشکیل کے خلاف آنے والی درخواست کو ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے مسترد کیا جائے۔جس پر عدالت نے فریقین کے وکلاءکو انتیس اپریل کے لئے نوٹس جاری کرتے ہوئے دلائل کے لئے طلب کر لیا۔