گندم خریداری کی الیکٹرونک مانیٹرنگ کی جائے گی‘ سید ہارون احمد سلطان بخاری

منگل 28 اپریل 2015 14:22

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 28اپریل۔2015ء) صوبائی وزیر سید ہارون احمد سلطان بخاری نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے وزراء اورصوبائی افسران کو بھی گندم کے خریداری مراکز کا معائنہ کرنے کی ذمہ داریاں تفویض کی ہیں اور کاشتکار کسی بھی شکایت یادقت کی صور ت میں ہیلتھ لائن کے نمبر0800-60606پر رابطہ کرسکتے ہیں، وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی ہدایات پر رواں سیزن کے دوران پنجاب بھر سے40لاکھ میٹرک ٹن گندم خریدنے کا ہدف مقرر کیا گیاہے جس پر حکومت پنجاب130، ارب روپے خرچ کرے گی۔

اس سلسلے میں خریداری مراکز پر گندم کے کاشتکاروں کو ہر ممکن سہولیات یقینی بنائی گئی ہیں، کاشتکاروں کی آسانی اور سہولت کے لیے باردانہ کے اجراء ، گندم کی خریداری کے تمام عمل کی کڑی نگرانی کی جائے گی اور کاشتکاروں کو گندم کی قیمت کی ادائیگی کے لیے قریبی تمام بینکس کی برانچز کو مقرر کردیا گیاہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کاشتکاروں سے1300روپے 40کلوگرام پر گندم خریداری جائے گی اور ساڑھے سات روپے فی بوری ڈلیوری چارجز اداکئے جائیں گے۔

خریداری مراکز پر10فیصد تک نمی کی حامل گندم قابل قبول ہوگی تاہم چھوٹے دانے کی خریداری سے انکار نہیں کیا جائے گا۔ کاشتکاروں میں باردانہ کی شفاف تقسیم کو یقینی بنایا جائے گا جبکہ خریداری سنٹرز پر کاشتکاروں کے بیٹھنے و آرام کے لیے سایہ دار جگہ، پینے کا ٹھنڈا پانی، ریونیو سٹاف کی موجودگی کو یقینی بنایاگیاہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ خریداری مہم کی الیکٹرانک مانیٹرنگ کابندوبست کیا گیاہے جبکہ تحصیل ، ضلع اور سنٹر کی سطح پر کوآرڈینیشن کمیٹیز بھی فعال رہیں گی۔