گندم کی خریداری میں کسانوں کے حقوق کا تحفظ کیا جائے گا، کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی ‘ وزیر کوآپریٹو پنجاب

منگل 28 اپریل 2015 14:22

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 28اپریل۔2015ء) صوبائی وزیر کوآپریٹو ملک محمد اقبال چنٹر ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ گندم خریداری کے تمام مراحل کی بھرپور مانیٹرنگ کی جائے اور مڈل مین کے رول کو ختم کیا جائے،گندم خریداری مہم میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی اور غفلت کے ذمہ داران کو سخت نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔انہوں نے ہدایت کی کہ کسی بھی قسم کی شکایت کی صورت میں کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ کسانوں کی شکایات کا ازالہ کیاجاسکے۔

انہوں نے کہاکہ حکومت پہلے چھوٹے کاشتکاروں سے ان کا غلہ خریدے گی تاکہ انہیں ان کی محنت کا اجر مل سکے۔خداتعالیٰ کا بے پایاں کرم ہے اور کسانوں کی دن رات کی محنت کا ثمر ہے کہ اس سال بھی گندم کی ریکارڈ پیداوار ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب نے کسانوں کی سہولت کیلئے پنجاب بھر میں گندم کی خریداری کے 376مراکز قائم کئے ہیں۔ متعلقہ محکمے ان مراکز پر گندم کی خریداری کے عمل کو شفاف بنانے کیلئے ہرممکن اقدامات کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ وزیراعلیٰ پنجاب نے چھوٹے کاشتکاروں کیلئے 10ہزار ٹریکٹرز رعایتی نرخوں پر دینے کا اعلان کیا ہے جو نہایت خوش آئند ہے۔انہوں نے کہاکہ حکومت پنجاب نئے مالی سال میں 12.5ایکڑ تک کے چھوٹے کاشتکاروں کو ٹریکٹر فراہم کرے گی جنہیں فی ٹریکٹر 2لاکھ روپے کی سبسڈی دی جائے گی۔انہوں نے کہاکہ یہ اقدام حکومت پنجاب کی کسان دوست پالیسیوں کا کھلا ثبوت ہے۔صوبائی وزیرکو آپریٹونے کہا ہے کہ گندم کی خریداری میں کسانوں کے حقوق کا تحفظ کیا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ حکومت پنجاب نے رواں سال 40لاکھ ٹن گندم خریدنے کا ہدف مقرر کیا ہے اور گندم کی قیمت 1300روپے فی من مقرر کی گئی ہے۔

متعلقہ عنوان :