سندھ کے مظلوم عوام کیلئے الطاف حسنی سے دشمنی لی ‘ ایم کیو ایم کے قائد کو پھانسی لگوانے تک چین سے نہیں بیٹھوں گا ‘ ذو الفقار مرزا

منگل 28 اپریل 2015 13:31

سندھ کے مظلوم عوام کیلئے الطاف حسنی سے دشمنی لی ‘ ایم کیو ایم کے قائد ..

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 28اپریل۔2015ء) سندھ کے سابق وزیر داخلہ ذوالفقار مرزا نے کہا ہے کہ انہوں نے سندھ کے مظلوم عوام کیلئے الطاف حسین سے دشمنی لی ‘ جب تک پھانسی نہ لگوالوں چین سے نہیں بیٹھوں گا۔ منگل کو سندھ ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے ذوالفقار مرزا نے کہا کہ پیپلز پارٹی چوروں اور لٹیروں کے ہاتھ میں ہے اور پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری غریب عوام کی حق تلفی کرتے ہیں، مجھے اور میری اہلیہ فہمیدہ مرزا کو کی جان کو شدید خطرہ ہے تاہم ہمیں دی گئی سیکیورٹی واپس لے لی گئی ‘ پولیس کی شہزادی رانی کو ڈھائی سو پولیس اہلکاروں کی سیکیورٹی میسر ہے اور مجھ سے پہلے وزیر داخلہ وسیم اختر نے 20 لاکھ میں تھانے بیچے تاہم انہیں بھی 25 پولیس اہلکاروں کی سیکیورٹی ملتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میں شہرت کا بھوکا نہیں اور نہ ہی مجھے اس کی ضرورت ہے بلکہ اس کی ضرورت تو شرجیل میمن جیسے لوگوں کو ہے ‘ ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین سے دھرتی کے مظلوم عوام کیلئے دشمنی لی اس لئے جب تک انہیں پھانسی نہ لگوالوں چین سے نہیں بیٹھوں گا۔اس سے قبل سندھ ہائی کورٹ میں ذوالفقار مرزا کی جانب سے سیکیورٹی فراہم نہ کرنے سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی، درخواست میں سابق صوبائی وزیر داخلہ نے موقف اختیار کیا تھا کہ مجھے اور میری اہلیہ کو جان کا خطرہ ہے، اعلیٰ عدالت نے حکومت سندھ کو مجھے مکمل سیکیورٹی فراہم کرنے کا حکم دیا تھا تاہم عدالتی حکم کے باوجود مجھے اور میری اہلیہ کو دی گئی سیکیورٹی واپس لے لی گئی جو توہین عدالت کے زمرے میں آتا ہے۔

درخواست میں کہا گیا تھا کہ آصف زرداری کے فرنٹ مین انور مجید اور ان کی اہلیہ کو سرکاری سیکیورٹی کس قانون کے مطابق فراہم کی گئی حالانکہ انور مجید اور ان کی اہلیہ سرکاری ملازم نہیں بلکہ لینڈ مافیا کے سرغنہ ہیں۔ عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد ذوالفقار مرزا اور ان کی اہلیہ فہمیدہ مرزا کو سیکیورٹی فراہم کرنے کا حکم دیدیا۔