Live Updates

کنٹونمنٹ بورڈ کے بلدیاتی انتخابات کے نتائج نے عمران خان کے الزامات کو غلط ثابت کر دیا‘خواجہ سعد رفیق

منگل 28 اپریل 2015 13:01

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 28اپریل۔2015ء) وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ کنٹینر والوں نے ان کے حلقہ این اے 125پر الزام لگایا تھا کہ اس حلقہ میں دھاندلی کی گئی ہے لیکن کنٹونمنٹ بورڈ کے بلدیاتی انتخابات میں باشعور عوام نے مسلم لیگ (ن) کو سرخرو کر دیا ہے ، تاریخ کا سبق ہے کہ عوام کی جانب سے کیے جانے والے فیصلوں کو مانا جائے لیکن تحریک انصاف کی جانب سے عوامی مینڈیٹ کی توہین کی جاتی ہے ، پی ٹی آئی کو عوام کے فیصلوں کا احترام کرنا چاہیے ،جو کام ملک میں طالبان بھی نہیں کر سکے تھے وہ عمران خان اور طاہر القادری کے الائنس نے کر دیا ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز لاہور کینٹ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ کنٹونمنٹ بورڈ کے بلدیاتی انتخابات کے نتائج نے عمران خان کے الزامات کو غلط ثابت کردیا ہے۔

(جاری ہے)

این اے 125کے عوامی ٹربیونل نے (ن) لیگ کے حق میں فیصلہ دے دیا ہے۔ عمران خان جوڈیشل کمیشن میں بھی الزامات ثابت کرنے میں ناکام ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاک چین معاہدوں پر بعض لوگ گندی سیاست کر رہے ہیں۔ کالا باغ ڈیم کی طرح پاک چین کوریڈور کو متنازعہ بنانے کی کوشش کی جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان خیبر پختونخوا میں عوامی خدمت کا موقع ضائع کر رہے ہیں۔ لاکھوں آئی ڈی پیز بے گھر ہیں جبکہ عمران خان دعوتیں اڑانے میں مصروف ہیں۔ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے لاہور کو بدل کر رکھ دیا ہے اور بہتر ہے کہ خان صاحب بھی پشاور کو تبدیل کردیں تاکہ آئندہ انتخابات میں عوام کے سامنے جا سکیں ۔

وفاقی ریلوے نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت عوام سے کیے گئے تمام وعدوں کو پورا کرے گی۔ گوادر کو ریلوے ٹریک کے ذریعے کابل سے ملائیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ جو کام ملک میں طالبان بھی نہیں کر سکے تھے وہ عمران خان اور طاہر القادری کے الائنس نے کر دیا ۔عمران خان کو ہاتھ پکڑ کر سیاست سکھائیں گے تاکہ وہ اچھے حریف بن کر سامنے آئیں۔ پاک چین اکنامک کوریڈور کو کالا باغ کی طرح متنازعہ بنانے کی کوشش کی جارہی ہے۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات