تمام تھانوں بلخصوص ماڈل تھانوں میں شریف شہری سے بدسلوکی یا بدتمیزی کی شکایت قطعی برداشت نہیں کی جائے گی‘ سی سی پی او لاہور

پیر 27 اپریل 2015 22:56

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 27اپریل۔2015ء )سی سی پی او لاہور کیپٹن (ر) محمد امین وینس نے کہا ہے کہ تمام تھانوں بلخصوص ماڈل تھانوں میں کسی شریف شہری سے بدسلوکی یا بدتمیزی کی شکایت قطعی برداشت نہیں کی جائے گی اورایسی کسی بھی شکایت کی صورت میں فرنٹ ڈیسک پر کام کرنے والے پولیس اسسٹنس ، ایڈمن افسروں اور محرر کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔

اُنہوں نے کہا کہ ناکوں پر گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی چیکنگ کی آڑ میں شریف شہریوں کوبلا مقصد پریشان نہ کیا جائے اور بغیر کاغذا ت کے تھانوں میں بند موٹر سائیکلوں کو کاغذات دکھانے پر بلا تاخیر چھوڑ دیا جائے۔انہوں نے کہا جو پولیس اہلکارناکوں پر شریف شہریوں کو بلا جواز تنگ کرنے میں ملوث پائے گئے ان کے خلاف مقام و مرتبے کا لحاظ کیے بغیر سخت کاروائی کی جائے گی۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے آج پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ میں لاہور کے ماڈل تھانوں کے حوالے سے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ڈی آئی جی آپریشنزڈاکٹر حیدر اشرف، ایس ایس پی انویسٹی گیشن رانا ایاز سلیم، ایس ایس پی آپریشنز محمد باقر رضا، ایس ایس پی ایڈمن حسن مشتاق سکھیرا، ایس پی سی آر او عمر ریاض چیمہ، ایس پی سی آئی اے محمد عمر ورک کے علاوہ ماڈل تھانوں کے ڈی ایس پی ، ایس ایچ اوز ، انچارج انویسٹی گیشن، ایڈمن افسراور کمپیوٹر آپریٹر پولیس اسسٹنس بھی موجود تھے۔

سی سی پی او نے ایڈمن افسروں کو وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ کسی بھی تھانے میں خلاف قانون کوئی کام ہوا یا ماڈل تھانوں کے لیے بنائے گئے ایس او پی پر عمل درآمد نہ ہوا اور ایڈمن افسروں نے اس کی اطلاع افسران بالا کو نہ دی تو پھر ان کے خلاف سخت سے سخت کاروائی سے بھی گریز نہیں کیا جائے گا۔کیپٹن محمد امین وینس نے ماڈل تھانوں میں کام کرنے والے پولیس اہلکاروں کی جانب سے ویکلی ریسٹ کے مطالبے پرڈی آئی جی آپریشنز کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ لاہور کے تمام ماڈل تھانوں میں کام کرنے والے پولیس اہلکاروں کے لیے ویکلی ریسٹ کی منظوری دیتے ہوئے کہا کہ ویکلی ریسٹ کا نظام فوری طور پر نافذ العمل کیا جائے ۔

آخر میں سی سی پی او نے تھانہ شمالی چھاؤنی اور باغبانپورہ کے ایڈمن افسروں اور فرنٹ ڈیسک پر کام کرنے والے کمپیوٹر آپریٹر پولیس اسسٹنس کو تھانے میں آنے والے شہریوں کے مسائل کے حل کے لیے ذاتی دلچسپی لینے اور خوش اخلاقی سے برتاؤ کرنے پر پانچ پانچ ہزار روپے نقد انعام دیا۔انہوں نے کہا کہ عام شہریوں کے مسائل حل کرنے اور تھانے میں آنے والے شریف شہریوں کی داد رسی کے لیے اپنے فرائض عبادت سمجھ کر ادا کرنے والے اہلکار محکمہ پولیس کا افتخار ہیں جن کی ہر سطح پر حوصلہ افزائی کی جائے گی جبکہ کرپٹ، کام چور ،نااہل اور بددیانت اہلکاروں کے خلاف سخت سے سخت کاروائی سے بھی گریز نہیں کیا جائے گا۔