ورلڈ باکسنگ کونسل نے پاکستان کے 3باکسرز اور ایک کوچ کو میکسیکو سٹی میں تربیت دینے کی منظوری دیدی

نعمان کریم(کوچ)،محمد نعیم، افضل عباس اور امیر حمزہ باکسرز شامل ہیں، حکومت پاکستان کے ساتھ ہونیوالے معاہدے کے تحت تربیت دی جائے گی، صدر ورلڈ باکسنگ کونسل ماریشیو سلمان

پیر 27 اپریل 2015 22:53

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 27اپریل۔2015ء) ورلڈ باکسنگ کونسل نے پاکستان سے حال ہی میں ہونیوالے معاہدے کے تحت پاکستان کے تین باکسرز اور ایک کوچ کو تربیت دینے کی منظوری دیدی ہے۔ ورلڈ باکسنگ کونسل کے صدر ماریشیو سلمان کی طرف سے ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عثمان انور کو لکھے گئے خط میں کہا ہے کہ ورلڈ باکسنگ کونسل نے صدر کونسل ماریشیو سلمان کے دورہ پاکستان کے موقع پر حکومت پاکستان سے معاہدہ کیا تھا کہ باکسنگ کونسل پاکستان کے تین نوجوان باکسرز اور ایک کوچ کو عالمی معیار کی تربیت دے گا، کونسل کے صدر نے اپنے خط میں لکھا ہے کہ ورلڈ باکسنگ کونسل پاکستان کے تین باکسرز اور ایک کوچ کو میکسیکو سٹی میں تربیت دے گا، باکسرز کی رہائش اور کھانے پینے کاانتظام ورلڈ باکسنگ کونسل کریگی، جن پاکستانیوں کو تربیت کیلئے منتخب کیا گیا ہے ان میں نعمان کریم(کوچ)،محمد نعیم، افضل عباس اور امیر حمزہ باکسرز شامل ہیں۔

(جاری ہے)

ڈی جی سپورٹس پنجاب عثمان انور نے ورلڈ باکسنگ کونسل کے صدر سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ میکسیکو سٹی میں پاکستانی باکسرز کو تربیت کی سہولت بہت بڑی کامیابی ہے، ہمارے نوجوان باکسر عالمی معیار کی تربیت حاصل کرکے باکسنگ کے بین الاقوامی مقابلوں میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے اور کامیابیاں ملک کے نام کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ورلڈ باکسنگ کونسل کی طرف سے پاکستانی باکسرز کو تربیت دینا ملک کیلئے بھی ایک اعزاز ہے۔

متعلقہ عنوان :