امام کعبہ ڈاکٹر شیخ خالد الغامدی کا دورہ پاک سعودی تعلقات کیلئے سنگ میل ثابت ہوگا‘ لیاقت بلوچ

نمازوں کے اجتماعات اور عوام سے ملاقات اور خطاب میں اتحاد امت ، قرآن و سنت کی بنیاد پر متحد ہونے کا پیغام بہت جاندار ہے

پیر 27 اپریل 2015 22:53

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 27اپریل۔2015ء) جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل سابق ممبر قومی اسمبلی لیاقت بلوچ نے امام کعبہ ڈاکٹر شیخ خالد الغامدی سے لاہور میں ملاقات میں کہا کہ ان کا دورہ سعودی عرب اور پاکستان کے تعلقات کے لیے سنگ میل ثابت ہوگا ۔ نمازوں کے اجتماعات اور عوام سے ملاقات اور خطاب میں اتحاد امت ، قرآن و سنت کی بنیاد پر متحد ہونے کا پیغام بہت جاندار ہے ۔

پاکستان کے عوام مشکل اور بحرانی حالات میں سعودی عرب کو تنہا نہیں چھوڑیں گے ۔ حرمین شریفین میں امامت اور خطابت کے منصب جلیلہ پر فائز امام اتحاد امت کے لیے بڑا کردار ادا کر سکتے ہیں ۔ امام کعبہ نے پاکستان کے عوام ، علما اور تمام طبقات کی جانب سے پذیرائی پر پوری پاکستانی ملت کا شکریہ ادا کیا ۔

(جاری ہے)

لیاقت بلوچ نے گوجرانوالہ میں ماڈل دعوت کیمپ اور رابطہ عوام مہم میں باغبانپورہ مساجد اور بازاروں میں دکان دکان پر جا کر جماعت اسلامی میں شمولیت کی دعوت دیتے ہوئے کہاکہ پاکستان اﷲ کی نعمتوں سے مالا مال ہے لیکن کرپشن بد انتظامی اور نااہلی کی وجہ سے مزدوروں ، کسانوں ، طلبہ ، نوجوانوں ، خواتین ، اساتذہ ، کلرک ، دفاتر اور دکانوں پر خدمت گزار ، پولٹری بانوں کی زندگی پریشانیوں کا شکارہے اسلامی پاکستان خوشحال پاکستان کے لیے ہم تحریک عدل چلا رہے ہیں تا کہ تعلیم امن انصاف عزت نفس کا تحفظ بنیادی ضروریات زندگی کی فراہمی قانون سب کے لیے برابر اور ریاستی نظام میں عدل ہر فرد کے لیے اور ہر فرد کی دہلیز پر پہنچے اس سے پاکستان بھر کے عوام کی احساس محرومی ختم ہو گی ۔