پشاور، خیبرپختونخوا میں طوفانی بارش، ہلاکتیں 45 ہوگئیں

پیر 27 اپریل 2015 22:32

پشاوراُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 27اپریل۔2015ء خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارشوں، ژالہ باری اور طوفان کے نتیجے میں مختلف علاقوں میں چھتیں گرنے اور دیگر حادثات میں ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 45 ہو گئی ہے جبکہ 200 کے قریب افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ شدید بارشوں کے باعث امدادی سرگرمیوں میں بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔

بارشوں کا سلسلہ آج بھی جاری ہے اور مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش سمیت ژالہ باری بھی ہورہی ہے۔ سب سے زیادہ تباہی چارسدہ روڈ، بدھو ثمر باغ، بڈھنی پل، پخہ غلام، واحد گڑھی، لیاقت آباد اور گردو نواح میں ہوئی جہاں بجلی کے کھمبے اور ٹرانسفارمر گرگئے جب کہ کئی درخت جڑوں سے اْکھڑ گئے۔ شدید بارش کے باعث متعدد کچے مکانوں کی دیواریں اور چھتیں منہدم ہوگئیں جب کہ بجلی اور مواصلات کا نظام بھی درہم برہم ہوگیا۔

(جاری ہے)

لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں 200 سے زیادہ زخمی لائے گئے، جن میں بڑی تعداد خواتین اور بچوں کی ہے۔ ہلاک ہونے والے 29 افراد کی لاشیں لیڈی ریڈنگ اسپتال، 10 کی چارسدہ اور 5 کی نوشہرہ ڈی ایچ کیو میں منتقل کی گئیں۔مقامی حکومت کے ایک سینئر افسر ریاض خان محسود اور سینئر پولیس افسر ڈاکٹر نیاز سعید نے ہلاکتوں کی تصدیق کی۔زخمیوں کو لیڈی ریڈنگ، حیات آباد میڈیکل کمپلیکس اور خیبرٹیچنگ اسپتال منتقل کرنے کے بعد شہر بھر کے اسپتالوں میں ایمرجسنی نافذ کردی گئی۔