دریائے کورنگ کے کنارے صفائی آگاہی مہم کے دوررس اثرات مرتب ہونگے ،مشاہد حسین سید

پیر 27 اپریل 2015 22:27

اسلام آباد اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 27اپریل۔2015ء مسلم لیگ (ق) ک رنماء سینیٹر مشاہد حسین سید نے صاف ستھرے دریاؤں کو ماحولیات کیلئے مفید قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ دریائے کورنگ کے کنارے صفائی آگاہی مہم کے دوررس اثرات مرتب ہونگے جسکی بدولت مقامی آبادی مستقبل اسلام آباد شہر کا قدرتی حسن برقرار رکھنے میں اپنا کردار ادا کرے گی، وہ ماحولیاتی تنظیم گرین فورس کے زیراہتمام نیسلے پاکستان کے اشتراک سے کورنگ دریا کی صفائی آگاہی مہم کے حوالے سے تقریب سے خطاب کررہے تھے، اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سمیت ماحولیاتی ماہرین، حکومتی افسران، سفارتکار اور سول سوسائٹی کے نمائندوں کی کثیر تعداد جڑواں شہروں کے سکولوں کے سو سے زائد بچوں کے مابین دریا کے کنارے سے کوڑا کرکٹ اٹھانے کا مقابلہ کی تقریب تقسیم انعامات میں شریک تھی۔

(جاری ہے)

سینیٹر مشاہد حسین نے اس امر پر افسوس کا اظہار کیا کہ متعلقہ انتظامیہ کی مجرمانہ غفلت کی بناء پر راولپنڈی اسلام آباد کے شہریوں کیلئے پانی کے ذخیرے کوصاف ستھرا نہیں رکھا جارہا، انہوں نے شرکاء کو یقین دہانی کرائی کہ وہ ماحولیات کے تحفظ کیلئے پارلیمنٹ سمیت ہر فورم پر آواز بلند کریں گے، انہوں نے گرین فورس کی خدمات کو سراہتے ہوئے سول سوسائٹی کو اس حساس مسئلے پر شعور اجاگر کرنے کی تلقین کی اور ماحولیاتی مسائل کے حل کیلئے کاوشوں کو مشترکہ ذمہ داری بتایا۔

پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے اپنے خطاب میں صوبہ خیبرپختونخواہ میں جاری ایک بلین درخت لگانے کی مہم کو ملک کی سب سے بڑی مہم قراردیتے ہوئے اپنی پارٹی کی جانب سے ماحولیات کے تحفظ کیلئے تعاون کی یقین دہانی کروائی، انہوں نے کہا کہ وہ بذاتِ خود پارٹی کے نومنتخب کونسلرز کو ماحولیات کو اپنی ترجیح بنانے کی تلقین کریں گے۔ایک گھنٹہ تیس منٹ سے زائد کے دورانیہ پر سو سے زائد طلباء و طالبات نے دریائے کورنگ کے کنارے کچرا اکٹھاکرنے کے مقابلے میں شرکت کی، بعد ازاں سینیٹر مشاہد اور نیسلے پاکستان کے چیف ایگزیکٹو ماگدی باتاتو نے شرکاء کے مابین تعریفی اسناد تقسیم کیں۔۔۔