امام حرم کعبہ نے مختلف مذاہب اور مسالک کے درمیان مکالمہ اور رواداری کی بات کرکے اسلام کی حقیقی تعلیمات کی طرف توجہ دلائی ہے،حا فظ محمد طاہر محمود اشرفی

پیر 27 اپریل 2015 22:27

لاہور اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 27اپریل۔2015ء پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین حا فظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ امام حرم کعبہ نے مختلف مذاہب اور مسالک کے درمیان مکالمہ اور رواداری کی بات کرکے اسلام کی حقیقی تعلیمات کی طرف توجہ دلائی ہے۔ امام کعبہ کی غیر مسلم مذاہب کے قائدین سے ملاقات سے بین المذاہب مکالمہ کو تقویت ملی ہے یہ بات پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین اور وفاق المساجد پاکستان کے صدر حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے لاہور میں مختلف مذاہب اور مکاتب فکر کے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

اس موقعہ پر مولانا زاہد محمود قاسمی، مولانا مشتاق احمد لاہوری، مولانا ایوب صفدر، عمانویل کھوکھر بشپ سبطین اور دیگر موجود تھے۔ حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ دنیا میں حقیقی امن اسی وقت قائم ہوسکتا ہے جب تمام آسمانی مذاہب انبیاء اور آسمانی کتابوں کا احترام کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

افسوس کی بات ہے کہ توہین آمیز خاکے بنانے والے مسلسل مختلف مذاہب کے ماننے والوں کے درمیان نفرتیں پیدا کرنے کے لئے کوشاں ہیں اور مئی کے مہینے میں امریکہ میں توہین آمیز خاکوں کی نمائش کو روکنا امریکی حکومت کی ذمہ داری بنتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ امام حرم کعبہ نے لاہور میں ملت اسلامیہ کی اصلاح کے حوالہ سے جن امور کی طرف نشاندہی کی ہے وہ حقیقت ہیں اور ان امور کی اصلاح کے بغیر ملت اسلامیہ کی کامیابی ممکن نہیں ہے۔ حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ امام حرم کعبہ کی آمد پر اور ان کے خیالات سے پاکستان میں موجود غیر مسلم مذاہب نے جس خوشی کا اظہار کیا ہے وہ قابل قادر ہے۔ انہوں نے مختلف مذاہب کی قیادت کی طرف سے ارض حرمین پر کسی بھی قسم کی جارحیت کی صورت میں مملکت سودی عرب کی حمایت پر پاکستان کے تمام مذاہب کے قائدین کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ سعودی عرب کے امن کے ساتھ پوری دنیا کا امن وابستہ ہے اگر ارض حرمین کے امن کو تباہ کرنے کی کوشش کی گئی تو پوری امت مسلمہ ان سازشوں کا مقابلہ کرے گی۔ ۔۔۔