Live Updates

دھاندلی کے ثبوت تھیلوں میں ہیں توعمران اتنے مہینوں سے کیا اکھٹا کررہے تھے،پرویز رشید

خیبر پختونخواہ میں لوگ مررہے ہیں،پرویز خٹک غائب ہیں اور عمران خان اسلام آباد میں کیا کررہے ہیں،مشکل اس گھڑی میں عوام کو اکیلا چھوڑ دیا گیا ہے،وزیر اطلاعات و نشریات کا عمران کے بیان پر ردعمل

پیر 27 اپریل 2015 21:57

دھاندلی کے ثبوت تھیلوں میں ہیں توعمران اتنے مہینوں سے کیا اکھٹا کررہے ..

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 27اپریل۔2015ء) وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید نے کہا ہے کہ عمران خان نے جوڈیشل کمیشن کے سامنے جھوٹ بول کر اپنا اعتبار ختم کر دیا ہے، دھاندلی کے ثبوت تھیلوں میں موجود ہیں تو عمران اتنے مہینوں سے کیا اکٹھا کررہے تھے؟خیبر پختونخوا میں بارشوں سے تباہی ہوئی ہے اور نئے خیبر پختونخوا کے کپتان وزیراعلیٰ پرویز خٹک غائب ہوگئے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق پیر کے روز وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید نے عمران خان کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان کو 2013 ء کے عام انتخابات میں 70 لاکھ ووٹ کیسے مل گئے ہیں؟عمران خان کبھی کہتے ہیں عام انتخابات میں دھاندلی کے ثبوت ان کے پاس موجود ہیں اور کبھی کہتے ہیں دھاندلی کے ثبوت تھیلوں میں موجود ہیں،اگر دھاندلی کے ثبوت تھیلوں میں موجود ہیں تو عمران خان اتنے مہینوں سے کیا اکٹھا کررہے تھے؟عمران خان کب تک قوم کو گمراہ کرتے رہیں گے،این اے 122 میں تھیلے کھولنے سے عمران خان کو شرمندہ کا سامنا پڑا ہے،انہوں نے کہا کہ عمران نے آج جوڈیشل کمیشن کے سامنے جھوٹ بول کر اپنا اعتبار ختم کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخواہ میں بارشوں سے تباہی ہوئی ہے ،لوگ مررہے ہیں اور عمران اسلام آباد میں کیا کررہے ہیں اور نئی خیبر پختونخواہ کے کپتان بھی غائب ہوگئے ہیں حالانکہ اس مشکل کی گھڑی میں وزیراعلیٰ خیبر پختونخواکے لوگوں کے درمیان ہوتے اور ان کے دکھ درد میں ساتھ کھڑے ہوتے لیکن وزیر اعلیٰ پرویزخٹک اپنے پارٹی قائد کی طرح ہر مشکل وقت میں عوام کو چھوڑ کر غائب ہو جاتے ہیں۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات