جوڈیشل کمیشن دھاندلی کی تحقیقات نہیں کر رہا‘ جوڈیشل کمیشن 70 حلقے کھول کر ان کی جے آئی ٹی تشکیل دے اور تحقیقات کرائے،عمران خان

‘ 21 جماعتوں نے دھاندلی کی درخواستیں دیں ، نواز شریف نے بھی دھاندلی کا انکشاف کیا تو پھر الزامات کو جھوٹا کیوں قرار دیا جا رہا ہے‘ مسلم لیگ (ن) جوڈیشل کمیشن پر اثر انداز ہونے کی کوشش کر ر ہی ہے‘ خیبرپختونخواہ میں بارشوں سے بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی‘ وفاقی حکومت کسانوں کی مالی مدد میں حصہ لے۔ میڈیا سے گفتگو

پیر 27 اپریل 2015 21:54

جوڈیشل کمیشن دھاندلی کی تحقیقات نہیں کر رہا‘ جوڈیشل کمیشن 70 حلقے کھول ..

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 27اپریل۔2015ء) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا کہ جوڈیشل کمیشن دھاندلی کی تحقیقات نہیں کر رہا‘ جوڈیشل کمیشن 70 حلقے کھول کر ان کی جے آئی ٹی تشکیل دے اور تحقیقات کرائے‘ 21 جماعتوں نے دھاندلی کی درخواستیں دیں جبکہ نواز شریف نے بھی دھاندلی کا انکشاف کیا تو پھر الزامات کو جھوٹا کیوں قرار دیا جا رہا ہے‘ مسلم لیگ (ن) جوڈیشل کمیشن پر اثر انداز ہونے کی کوشش کر رہی ہے‘ خیبرپختونخواہ میں بارشوں سے بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی‘ وفاقی حکومت کسانوں کی مالی مدد میں حصہ لے۔

تفصیلات کے مطابق پیر کے روز جوڈیشل کمیشن کے باہر عمران خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 21 سیاسی جماعتوں نے 2013ء کے الیکشن میں ٹربیونل کے اندر دھاندلی کو تسلیم کیا جوڈیشل کمیشن ہمارے لئے تحقیقات نہیں کر رہا بلکہ ساری جماعتوں کے کہنے پر کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اعتزاز احسن نے بھی جوڈیشل کمیشن میں مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر کوئی بات چھپانے کی نہیں ہے تو 70 حلقے کھولنے میں کیا حرج ہے۔

جوڈیشل کمیشن 70 حلقے کھول کر جے آئی ٹی تشکیل دے اور تحقیقات کرائے عمران خان نے کہا کہ اگر دھاندلی نہیں ہوئی تو مسلم لیگ ن کو 7 ملین ووٹ کس طرح پڑ گئے حالانکہ (ن) لیگ کی تاریخ ہے کہ دو تہائی اکثریت میں بھی 85 لاکھ ووٹ نہیں پڑے۔ پی ٹی آئی چیئرمین نے جوڈیسل کمیشن سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ جوڈیشل کمیشن 70 حلقے کھولے اور انکی جے آئی ٹی تشکیل دیکر تحقیقات کرائے جے آئی ٹی ہفتے میں تحقیقات مکمل کرے گی تحقیقات سے دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے گا کیونکہ دھاندلی کا اصل ثبوت انتخابی تھیلوں میں موجود ہے انہوں نے کہا کہ عام انتخابات میں تمام سیاسی جماعتوں نے دھاندلی کا اعتراف کیا یہاں تک کہ نواز شریف نے بھی ہری پور میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے خود کہا کہ دھاندلی ہوئی ہے اگر وزیراعظم خود دھاندلی کا اعتراف کرتا ہے تو پھر دھاندلی کے الزامات کو جھوٹا کیوں قرار دیا جا رہا ہے۔

عمران خان نے کہا کہ 2013ء کے عام انتخابات میں جامع حکمت عملی کے منظم طریقے سے دھاندلی ہوئی اس میں صوبائی الیکشن کمیشن کا بھی کردار ہے جوڈیشل کمیشن صوبائی الیکشن کمیشن کے کردار کو بھی دیکھے کیونکہ عام انتخابات سے قبل سیاسی جماعتوں نے مک مکا کر کے اپنی مرضی کے نمائندے تعینات کرائے۔ 2013ء کے عام انتخابات میں ایک کروڑ سے زائد اصافی بیلٹ پیپرز چھپائے گئے اور ایک حلقے این اے 125 میں ایک لاکھ 26 ہزار بیلٹ پیپرز بھیجے گئے جبکہ ساتھ والے حلقے میں 70 ہزار بیلٹ پیپرز بھیجے گئے جوڈیشل کمیشن کو بھی اس پر تحقیقات کرنی چاہئے کہ آخر یہ فیصلے کس نے کرائے ہیں۔

آخر ساری زندگی ملک اس طرح سے چلتا رہے گا یا پھر جمہوریت کی خدمت کیلئے بھی کام کرنا ہو گا ملک میں جمہوریت کو مضبوط کرنے کیلئے اس میں انتخابی اصلاحات کیساتھ ساتھ ان عناصر کو بھی بے نقاب کرنا ہو گا جو منظم طریقے سے دھاندلی میں ملوث ہیں۔ عمران خان نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے رہنما کہتے ہیں کہ جج کا نام لینا عدلیہ کی بدنامی کا باعث بن رہی ہے کیا ایک جج کی بدنامی سے ساری عدلیہ بدنام ہو جائے گی جبکہ مسلم لیگ ن خود عدلیہ پر اثر انداز ہو کر انہیں چلانا چاہتی ہے ایک سوال کے جواب میں عمران خان نے کہا ہے کہ 2013ء کے انتخابات میں آر اوز کا اصل کردار ہے انکو بھی تحقیقات میں شامل کرنا ضروری ہے۔

اس سے کسی کی بدنامی نہیں ہو گی انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخواہ میں بارشوں سے بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی انسانی جانوں کے ضیاع کے علاوہ کسانوں کا بھی بڑے پیمانے پر نقصان ہوا ہے صوبائی حکومت کو متاثرین کی بحالی کی ہدایت کی ہے اور ریحام خان کو بھی متاثرین کی عیادت کیلئے پشاور بھیجا ہے صوبائی حکومت کی متاثرین کی بحالی کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے اور وفاقی حکومت سے مطالبہ ہے کہ وہ کسانوں کی مالی مدد کرے کیونکہ وہ پہلے سے ہی پسے ہوئے ہیں۔