دور دراز علاقوں کے بچوں کو ہنگامی طور پر اسکولوں میں لانے کے لئے ایک جامع منصوبہ تشکیل دیاجائے،سردار رضا محمد بڑیچ

پیر 27 اپریل 2015 21:31

کوئٹہ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 27اپریل۔2015ء ) صوبائی مشیر تعلیم سردار رضا محمد بڑیچ نے کہا کہ ہم نیشنل کریکولم کونسل کے مقاصد اور اہداف تک اس وقت تک پہنچنے میں کامیاب ہوسکیں گے۔ جب ہم اس فورم کے تحت پورے ملک اور خصوصاً بلوچستان کے دور دراز علاقوں کے بچوں کو ہنگامی طور پر اسکولوں میں لانے کے لئے ایک جامع منصوبہ تشکیل دیں اور اس جامع منصوبہ کی تشکیل پر تمام صوبوں اور وفاق کا نہ صرف اتفاق رائے ہو بلکہ اس منصوبے کو عملی جامہ بھی پہنایا جائے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پانچویں بین الصوبائی وزراء تعلیم کانفرنس (IPEMC) کے افتتاحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ آئی پی ای ایم سی کے انعقاد کا مقصد پورے ملک اور بلوچستان میں معیار تعلیم کو عالمی معیار کے مطابق لانے کے لئے نیشنل ایجوکیشن پالیسی میں مزید اصلاحات لانا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بین الصوبائی وزراء کانفرنس میں گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی، وزیر مملکت برائے تعلیم بلیغ الرحمان، صوبائی وزراء تعلیم سمیت وفاقی وصوبائی سیکریٹری، چیئرمین ہائر ایجوکیشن، ماہرین تعلیم کے علاوہ شعبہ تعلیم سے منسلک انٹرنیشنل این جی اوز کے ارکان نمائندے شریک ہیں اور ان کی قیمتی آراء سے ہم تعلیمی مسائل پر قابو پاسکیں گے۔

انہوں نے کہا کہ جہاں ملکی سطح پر تعلیمی حوالے سے پسماندہ علاقوں میں مختلف نوعیت کے مسائل ہیں وہیں صوبہ بلوچستان میں ہمارے بچوں کی نصف آبادی اسکول جانے سے محروم ہے اور اگر ہم ان بچوں کو اسکول میں لانے کے لئے کوششیں بھی کریں تو ہماری مالی مشکلات اتنی زیادہ ہیں کہ بدقسمتی سے حکومت کی جانب سے فراہم کردہ فنڈز ان اسکولوں کے انفراسٹرکچر پر خرچ ہوجاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہماری تعلیمی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے پورے صوبے میں بارہ ہزار سے زائد اسکولوں کی ضرورت ہے لیکن ہمارے پاس اتنے مالی وسائل نہیں کہ ہم اتنی بڑی تعداد میں اسکول تعمیر کرسکیں۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ کانفرنس کے ایجنڈے میں شامل تمام نکات پر غوروخوص کے بعد انہیں حتمی شکل دی جائے گی اور تمام امور صوبوں اور وفاق کے باہمی اتفاق رائے سے طے پائے جائیں گے جن کے شعبہ تعلیم پر مثبت اور دوررس نتائج مرتب ہوں گے۔ مشیر تعلیم نے کانفرنس میں شرکت کے لئے باہر سے آنے والے مندوبین کا خیرمقدم کرتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ بین الصوبائی وزراء تعلیم کانفرنس کا بلوچستان میں انعقاد ہمارے لئے باعث افتخار ہے۔

متعلقہ عنوان :