وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ سے ز چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر مختار احمد کی ملاقات

پیر 27 اپریل 2015 21:30

کوئٹہ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 27اپریل۔2015ء ) وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ سے پیر کے روز چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر مختار احمد نے ملاقات کی۔ اس موقع پر صوبائی وزراء میر مجیب الرحمن محمد حسنی ، رحمت صالح بلوچ اور ڈائریکٹر جنرل کوالٹی ایجوکیشن ایجنسی ایچ ای سی ڈاکٹر رفیق زہری بھی موجود تھے، چیئرمین ایچ ای سی نے وزیر اعلیٰ بلوچستان کوکمیشن کے جانب سے صوبے میں اٹھائے گئے تعلیمی اقدامات اورنصیرآباد میں قائم ہونے والی لسبیلہ یونیورسٹی آف ایگریکلچر اینڈ میرین سائنسز کے ایگریکلچر کمپلیکس کے حوالے سے آگاہ کیا۔

وزیر اعلیٰ بلوچستا ن نے کہا کہ موجودہ حکومت کم وسائل کے باوجود صوبے میں اعلیٰ اور معیاری تعلیم کے فروغ کے لئے کوششیں کر رہی ہے، اس سلسلے میں وفاقی حکومت کا تعاون نہایت اہمیت کا حامل ہے، انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے طلباء کو سکالرشپ میں زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کرنے اور صوبے کے اعلیٰ تعلیمی اداروں کوخصوصی تعاون فراہم کرنے سے صوبے میں تعلیمی پسماندگی کا خاتمہ کیا جاسکتا ہے، وزیر اعلیٰ نے کہا کہ صوبے میں قائم ہونے والے تین میڈیکل کالجز اور چھ یونیورسٹیوں سے صوبے کے طلباء کو اعلیٰ تعلیم میسر آئیگی ، انہوں نے صوبائی حکومت کی جانب سے کمیشن کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی اور ہدایت کی کے نصیر آباد میں ایگریکلچر کمپلیکس کے قیام کے امور کو جلد سے جلد نمٹایا جائے۔

(جاری ہے)

چیئرمین ایچ ای سی نے وزیر اعلیٰ کو بتایا کہ ایچ ای سی کی کوشش ہے کہ ملک بھر کے دوردارز علاقوں کے طلباء کو اعلیٰ تعلیم کے لئے سکالرشپ کے زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کئے جائیں اور یقین دہانی کرائی کہ بلوچستان کے طلباء کو ملکی وبین الاقوامی اعلیٰ تعلیمی اداروں میں زیادہ سے زیادہ تعداد میں سکالر شپ فراہم کئے جائیں گے۔