پشاور اور اسلام آباد کے بعد گرد آلود تیز ہواؤں اور بارش نے لاہور کا رخ کر لیا ، پروازوں کا شیڈول متاثر

مختلف علاقوں میں بارش اور گردو ٹبار اٹھنے سے سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ، مزید بارش کی پیشگوئی کر دی گئی تمام ٹاؤنز کو الرٹ جاری ،ہر طرح سے تیار رہنے کی ہدایت ،لاہور میں پشاور جیسی غیر معمولی تبدیلی کا امکان نہیں ‘ محکمہ موسمیات

پیر 27 اپریل 2015 21:28

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 27اپریل۔2015ء) پشاور اور اسلام آباد کے بعد گرد آلود تیز ہواؤں اور بارش نے لاہور کا رخ کر لیا ، مختلف علاقوں میں بارش اور گردو ٹبار اٹھنے سے سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ،محکمہ موسمیات نے آئندہ 24گھنٹوں کے دوران بارش کی پیشگوئی کر دی ۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ شب لاہور میں 70کلو میٹر کی تیز رفتار سے آندھی بھی چلی اور اس کے ساتھ تیز گرد آلو ہواؤں بھی چلتی رہیں جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔

شاہدرہ سمیت مختلف علاقوں میں بارش ہوئی جس پر لوڈ شیڈنگ کے ستائی عوام نے بارش خدا کا شکر ادا کیا ۔ اس دوران آسمان پر گہرے بادل بھی چھائے رہے جبکہ گردو غبار اٹھنے سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔ محکمہ موسمیات کی طرف سے شہریوں کو اس حوالے سے پہلے ہی الرٹ کر دیا گیا تھاجبکہ صورت حال کے پیش نظر ڈی سی او لاہور کی طرف سے تمام ٹاؤنز کو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے اور اس کے ساتھ تمام متعلقہ محکموں کو بھی ہر طرح سے تیار رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ آئندہ 24گھنٹوں کے دوران لاہور میں بارش ہو گی ۔ تاہم لاہور میں پشاور جیسی غیر معمولی تبدیلی کا امکان نہیں ہے ۔ تیز ہواؤں اور گردو غبار کے باعث لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر پروازوں کا شیڈول بھی متاثر ہوا ۔