وفاقی وزیر داخلہ کی زیر صدارت سول آرمڈفورسز کا اعلیٰ سطح اجلاس ،تمام سیکورٹی اداروں کے درمیان ہم آہنگی پر زور

کراچی آپریشن کو منطقی انجام تک جاری رکھنے کا فیصلہ

پیر 27 اپریل 2015 21:04

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 27اپریل۔2015ء ) وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثا رعلی خان کی زیر صدارت سول آرمڈفورسز کا اعلیٰ سطح اجلاس میں تمام سیکورٹی اداروں کے درمیان ہم آہنگی پر زور دیا گیا ،کراچی آپریشن کو منطقی انجام تک جاری رکھنے کا فیصلہ ،پولیس اور رینجرز کی جانب سے جرائم پیشہ افراد کے خلاف گھیرا تنگ کرنے کے باعث جرائم میں کمی واقعہ ہوئی ،پاکستان کو اس وقت داخلی اورخارجی بہت سے خطرات کا سامنا ہے،28ونگ کے کاموں کو جاری رکھنے کے لیے 30ارب روپے جاری کرنے کا اعلان کیا گیا ۔

وزارت داخلہ میں ہونے والے اجلاس میں ڈی جی اے این ایف میجر جنرل خاور حنیف ،ڈی جی رینجز پنجاب میجر جنرل عمرفاروق ،آئی جی ایف سی بلوچستان میجر جنرل شیر افگن ،آئی جی ایف سی کے پی کے میجر جنرل محمد طیب اعظم ،ڈی جی رینجر سندھ میجر جنرل بلال اختر ،ڈی جی پوسٹ گارڈ برگیڈئیرشہزاد اختر سمیت وزارت داخلہ کے اعلیٰ افسران نے اجلاس میں شرکت کی ۔

(جاری ہے)

سول آرمڈفورسز کے سربراہان نے وفاقی وزیر داخلہ کو اپنی کارکردگی کے حوالے سے بھی آگاہ کیا ۔ جس پر وفاقی وزیر نے تعریف بھی کی اور کہا کہ دوران ڈیوٹی شہید ہونے والے ہی قوم کے ہیرو ہیں جن کے باعث پاکستان آج سرخروہے۔ حکومت سیکورٹی اداروں کی مراعات اور سہولیات کے حوالے سے اقدامات کررہی ہے سیکورٹی پر کے جانے والے اقدامات پاکستان کے لیے سرمایہ کاری ہے ۔

ڈی جی رینجرز سندھ نے وفاقی وزیر کو بتایا کہ کراچی میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف آپریشن کے نتیجہ میں کرائم میں کمی آئی ہے تاہم اسے حتمی نتائج تک جاری رکھا جائے گا ۔آئی جی ایف سی بلوچستان نے بتایا کہ اہم عمارات ،جرائم پیشہ افراد ،ملک کے خلاف سازش کرنے والے عناصر ،بارڈر سیکورٹی میں توجہ کے باعث صوبے میں سیکورٹی کی صورت حال بہتر ہوئی ہے تاہم اس دوران وفاقی وزیر کو فنڈز کی کمی کے حوالے سے بھی بتایا گیا ۔وفاقی وزیر نے اداروں کے سربراہان کو اپنی کارکردگی رپورٹ بھی ظاہرکرنے کے حوالے سے کہا۔ ۔عمرفاروق