Live Updates

تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو 2013ء کے عام انتخابات میں مبینہ دھاندلی کا واویلا ختم کر دینا چاہئے ٗرانا تنویر حسین

پی ٹی آئی عوام کو ان کے مستقبل کے منصوبے بتانے چاہئیں ٗپارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کے ذیلی اداروں نے حلال سیکٹر کے فروغ کیلئے متعدد اقدامات کئے ہیں ٗ اجلا س سے خطاب

پیر 27 اپریل 2015 20:52

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 27اپریل۔2015ء) وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو 2013ء کے عام انتخابات میں مبینہ دھاندلی کا واویلا ختم کر دینا چاہئے ٗ پی ٹی آئی عوام کو ان کے مستقبل کے منصوبے بتانے چاہئیں۔ پیر کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان کے واویلے سے قومی معیشت کو نقصان پہنچا ہے، تحریک انصاف کو خیبرپختونخوا میں کارکردگی دکھانی ہو گی اور اسے 2018ء کے عام انتخابات پر مکمل توجہ مرکوز کرنی چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی عوام کو ان کے مستقبل کے منصوبے بتانے چاہئیں۔ پاک چین اقتصادی راہداری کے حوالہ سے وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ قومی اہمیت کے بڑے منصوبے شروع کئے ہیں جو ملکی معیشت کیلئے استحکام کا سبب بنے ہیں۔

(جاری ہے)

قبل ازیں وزارت سائنس و ٹیکنالوجی نے دو روزہ اجلاس کا اہتمام کیا جس میں مصر، ترکی، ملائیشیا، انڈونیشیا، بنگلہ دیش، نائجیریا اور پاکستان سے مندوبین شریک ہوئے اجلاس کا بنیادی مقصد ڈی ایٹ ممالک کے مابین حلال شعبہ میں تجارت کو فروغ دینے کے طریقوں کا جائزہ لینا ہے۔

اس موقع پر وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے اپنے خطاب میں کہا کہ اس اجلاس کے انعقاد سے حلال انڈسٹری کے شعبہ میں رکن ممالک کے مابین تجارت کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ایک قانون کے ذریعہ حلال اتھارٹی قائم کی جا رہی ہے جس کا مقصد حلال مصنوعات کی درآمد و برآمد کو فروغ دینا اور بین الصوبائی تجارت کو بڑھانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کے ذیلی اداروں نے حلال سیکٹر کے فروغ کیلئے متعدد اقدامات کئے ہیں جس میں متعلقہ معیارات کی تشکیل حلال کی تصدیق کیلئے لیبارٹری کا قیام اور حلال ایکری ڈیٹیشن سکیم کا اجراء شامل ہیں۔ سیکرٹری سائنس و ٹیکنالوجی کامران علی قریشی نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسلمان ممالک کو حلال فوڈز انڈسٹری کو فروغ دینے کیلئے آگے آنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اجلاس مستقبل کے لائحہ عمل کی تشکیل میں معاون ثابت ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ڈی ایٹ ممالک کے درمیان تعاون عالمی حلال مارکیٹ میں حصہ بڑھانے کا بہترین موقع ہے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات