پاک چین پراجیکٹ سے ملک کے چاروں صوبوں میں انوسٹمنٹ ہوگی اور پورے ملک کو فائدہ ہوگا ٗ ماروی میمن

وزیر اعظم نواز شریف نے مہنگائی اور تیل کی قیمتیں کم کی جس سے ملکی معیشت کو فائدہ پہنچا ہے ٗ میڈیا سے گفتگو

پیر 27 اپریل 2015 20:51

لاڑکانہ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 27اپریل۔2015ء) بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی چیئرپرسن ماروی میمن نے کہا ہے کہ پاک چین پراجیکٹ سے ملک کے چاروں صوبوں میں انوسٹمنٹ ہوگی اور پورے ملک کو فائدہ ہوگا۔ پیر کو بینظیر انکم سپورٹ پروگرام ڈویزنل آفس میں بایو میٹرک سسٹم کا افتتاح کرتے ہوئے انہوں نے مستحق خواتین میں رقوم تقسیم کیں۔ اس موقع پر انہوں نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اور میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ لاڑکانہ میں سب سے پہلے پائلٹ پراجیکٹ کا افتتاح کیا گیا ہے جس کی کامیابی کے بعد وزیر اعظم محمد نواز شریف خود پورے ملک میں اس سسٹم کو متعارف کروائیں گے جس سے مستحق خواتین کی مشکلات دور ہوں گی۔

انہوں نے کہا کہ مڈل مین مافیا اپنی ذاتی مالی مفادات کے خاطر خواتین کو غلط بریف کرتے ہیں یہ بات واضح ہے کہ وزیر اعظم پاکستان محمد نواز شریف کی جانب سے ہر تین ماہ بعد 4500 کی رقم بھیجی جاتی ہے اب یہ رقوم مستحق خواتین کو بایو میٹرک سسٹم کے ذریعے ان کی شناخت کے بعد بر وقت دی جائے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نواز شریف نے مہنگائی اور تیل کی قیمتیں کم کی جس سے ملکی معیشت کو فائدہ پہنچا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مستحق خواتین کی شکایات کو دور کرنے کے لئے ہیلپ لائن کا 0800-26477 نمبر دیا گیا ہے اگر کسی خواتین کو رقوم ملنے میں کوئی شکایت ہو رہی ہوں تو وہ اپنی شکایات اس نمبر پر درج کروا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر آپ خواتین کے ساتھ ناانصافی ہو رہی ہے تو آپ ساتھ مل کر ان مگر مچھوں کا مقابلہ کریں اس سسٹم کے ذریعے آپ خواتین کے سارے مسائل ختم ہو جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آج سے بی آئی ایس پی کی سروس میں بہتری آئے گی۔ اس موقع پر بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ڈائریکٹر ذوالفقار ابڑو، پاکستان مسلم لیگ (ن) یوتھ ونگ سندھ کے صدر راجہ خلیق الزمان انصاری سمیت دیگر رہنماء اور کارکنان کی بڑی تعداد موجود تھی۔