وزیرصحت خیبرپختونخوا کا لیڈی ریڈنگ ہسپتال کادورہ ،زخمیوں کی عیادت

ناگہانی آفت کی وجہ سے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دلی افسوس ہے ،صوبائی حکومت مشکل کی گھڑی میں متاثرین کیساتھ ہے،شہرام خان

پیر 27 اپریل 2015 20:45

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 27اپریل۔2015ء) خیبر پختونخوا کے سینئر وز یر برائے صحت شہرام خان تراکئی نے پیر کے روز لیڈی ریڈنگ ہسپتال کا دورہ کیا اور وہاں پر گزشتہ رات طوفانی بارشوں کی وجہ سے ہونے والے زخمیوں کی عیادت کی۔انہوں نے ہسپتال میں ان زخمیوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا اور ہسپتال انتظامیہ کو ان زخمیوں کوبہترین طبی امداد کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے تمام تر دستیاب وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کی۔

وہ فرداً فرداً ہر زخمی کے پاس گئے اور ان سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے صوبائی حکومت کی جانب سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔صوبائی وزیر نے ان زخمیوں سے ہسپتال میں پہنچائی جانے والی طبی سہولیات کے بارے میں تفصیلی معلومات حاصل کیں جس پر زخمیوں اور انکے لواحقین نے ہسپتال میں فراہم کی جانے والی سہولیات اور خدمات پر اطمینان کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر میڈیاکے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے شہرام خان نے کہا کہ اس ناگہانی آفت کی وجہ سے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر انہیں دلی افسوس ہے صوبائی حکومت مشکل کی اس گھڑی میں متاثرین کے ساتھ ہے اور انہیں تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔انہوں نے بتایاکہ صوبائی حکومت نے رات سے ہی تمام ہسپتالوں میں ایمر جنسی نافذ کردی ہے اور ریسکیو 1122،پی ڈی ایم اے اور ضلعی انتظامیہ سمیت تمام متعلقہ اداروں کو فوری طور پر رسیکیو کے کاموں میں لگا دیا گیا ہے جو انتہائی خوش اسلوبی کے ساتھ اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ طوفانی بارشوں سے ہونے والے نقصانات کا بھی تخمینہ لگایا جا رہا ہے تاکہ متاثرین کی ہر قسم کی مدد کی جاسکے۔صوبائی وزیر نے اس افسوناک واقعے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین سے دلی ہمدری کا اظہار کرتے ہوئے مرحومین کی مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔بعد ازاں تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی اہلیہ ریحام خان نے بھی صوبائی وزیر صحت کے ہمراہ لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں زیر علاج زخمیوں کی عیادت کی جس کے بعد وہ پشاور کے نواحی گاؤں ثمر باغ گئے جہاں انہوں نے طوفانی بارشوں سے متاثرہ ایک خاندان سے اظہار ہمدردی کیا اور طوفانی بارش سے ان کے چھوٹے بچے کی ہلاکت پر ان سے تعزیت کی۔

متعلقہ عنوان :