خیبرپختونخواہ میں جاں بحق ہونیوالوں کے لواحقین کو وفاقی اور صوبائی حکومت مالی معاوضہ دے‘سید وسیم اختر

طلال اکبر بگٹی اچھے سیاستدان تھے ان کی خدمات کو ہمیشہ یادرکھاجائے گا‘امیر جماعت اسلامی پنجاب

پیر 27 اپریل 2015 20:44

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 27اپریل۔2015ء) امیر جماعت اسلامی صوبہ پنجاب و پارلیمانی لیڈر صوبائی اسمبلی ڈاکٹر سید وسیم اختراور سیکرٹری جنرل نذیر احمدجنجوعہ نے خیبرپختونخواہ میں شدید طوفان اور بارشوں کے نتیجے میں44افراد کے جاں بحق ہونے اور 200لوگوں کے زخمی ہونے کے واقعہ پر دلی رنج و افسوس کا اظہارکرتے ہوئے کہا ہے کہ وفاقی اور صوبائی حکومت خیبرپختونخواہ، زخمیوں کے مفت اور بہترین علاج معالجہ کابندوبست کرے اور جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین کوزیادہ سے زیادہ مالی معاوضہ بھی دیا جائے۔

انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی خیبرپختونخواہ کے الخدمت فاؤنڈیشن کے سینکڑوں رضاکار اس وقت پشاور،چارسدہ اور دیگر علاقوں میں امدادی سرگرمیوں میں شریک ہیں۔ انشاء اﷲ دکھ اور آزمائش کی اس گھڑی میں پنجاب کے عوام بھی خیبرپختونخواہ کے بھائیوں کوتنہانہیں چھوڑیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے دعاکی کہ اﷲ تعالیٰ خیبرپختونخواہ میں شدید طوفان اور بارشوں میں جاں بحق ہونے والے افراد کی مغفرت فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل عطاء کرے۔

دریں اثناء امیر جماعت اسلامی صوبہ پنجاب و پارلیمانی لیڈر صوبائی اسمبلی ڈاکٹر سید وسیم اختراور سیکرٹری جنرل نذیر احمدجنجوعہ نے بلوچستان کے ممتاز سیاسی رہنماطلال اکبر بگٹی کے انتقال پربھی اظہار افسوس کیا۔انہوں نے دعاکی کہ اﷲ تعالیٰ ان کی مغفرت فرمائے۔انہوں نے مزیدکہاکہ نوابزادہ طلال اکبربگٹی ایک اچھی شہرت رکھنے والے نامورسیاستدان تھے ۔ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :