Live Updates

حکمران انتخابی دھاندلی سے فرار حاصل نہیں کرسکتے ، عمران خان کا راستہ روکنے کی کوششیں ناکام ہونگی‘ عبدالعلیم خان

پی ٹی آئی لاہور کا تنظیمی اجلاس ، کنٹونمنٹ بلدیاتی الیکشن میں کارکردگی پر اطمینان کااظہار اور کارکنوں کو مبارک باد نواز لیگ کے خلاف لاہور اور والٹن کینٹ سے دوبارہ گنتی ، ری چیکنگ اور نوٹیفکیشن روکنے کے لیے 6درخواستیں

پیر 27 اپریل 2015 20:42

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 27اپریل۔2015ء ) تحریک انصاف لاہور کے ضلعی صدر عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ 2013کے عام انتخابات میں ہونے والی ملک گیر دھاندلی سے حکمران فرار حاصل نہیں کرسکتے ، جوڈیشل کمیشن بنے کے بعد وفاقی وزرا ء بوکھلاہٹ کا شکا ر ہوچکے ہیں اور انہیں بخوبی علم ہے کہ اگر معاملے کی چھان بین ہوئی توحکومت کا ہر قیمت پر جانا ٹھہر جائے گااسی لیے سارے وزراء اپنے محکمانہ امور چھوڑ کرتحریک انصاف کے خلاف بیانات دینے پر لگے ہوئے ہیں لیکن ایسے اوچھے ہتھکنڈوں سے عمران خان کا راستہ روکنے کی کوششیں ناکام ہونگی ۔

عبدالعلیم خان نے پی ٹی آئی لاہو رکے تنظیمی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کینٹ کے بلدیا تی الیکشن میں پارٹی کی کارکردگی تسلی بخش ہے اور وہ تمام عہدیداران اور کارکنوں کو کامیابی پر مبارک باد دیتے ہیں نواز لیگ بغلیں نہ بجائے انکی کاروائیاں منظر عام پر آنا شروع ہوگئی ہیں پولنگ سکیموں کی تبدیلی سے لیکر دیگر ہتھکنڈوں کے خلاف تحریک انصاف ہی نہیں آزاد اُمید وار بھی درخواستیں دے رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے پی ٹی آئی شعبہ خواتین کو بھی کینٹ بلدیاتی الیکشن میں نمایاں کارکردگی پر مبارک باد دی ۔پی ٹی آئی لاہور کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے دیگررہنماؤں نے کہا کہ نواز لیگ نے حکومت میں ہونے کا ناجائز فائدہ اٹھایااور ہمارے 5اُمیدواروں کو 20سے 150ووٹوں کے فرق سے ہرایا گیاجن کی دوبارہ گنتی اور ری چیکنگ کی درخواستیں دی جارہی ہیں ، ایم پی اے میاں اسلم اقبال ، ضلعی عہدیداران جمشید اقبال چیمہ ، میاں حامد معراج، منشاء سندھو، میاں افتخار، سردار کامل عمر، مہر واجد عظیم ، میاں جاوید علی، عبدالکریم کلواڑ، میاں یامین ٹیپو، عائشہ خالد ، انیلہ ساجد بیگ ، ثانیہ کامران ، سید راشد ریاض، گلریز اقبال اور سیکرٹری اطلاعات فرخ جاوید مون بھی اس موقع پر موجود تھے۔

دریں اثناء لاہو رکینٹ کی وارڈ نمبر 1سے پی ٹی آئی کے امیدوار محمد علی خان نے نواز لیگ کے شاہد شیخ کے خلاف اور وارڈ 2سے چوہدری اخلاق حسین نے عباد محمود قریشی کے خلاف دوبارہ گنتی اور ری چیکنگ کی درخواستیں دے دی ہیں لاہور کینٹ کی وارڈ نمبر 7سے پی ٹی آئی کے اُمیدوار چوہدری عمر طالب نے نواز لیگ کے رانا تنویر کے خلاف دوبارہ گنتی اور ری چیکنگ کی درخواست دی ہے جس اسی طرح والٹن بورڈسے پی ٹی آئی کے طاہر محمود اعوان اور اسلم جٹ نے بھی لیگی اُمیدواروں کے خلاف درخواستیں دی ہیں جو صر ف 150ووٹوں سے ہارے ہیں یہاں لیگی اُمیدوار فقیر حسین کی اہلیت کو بھی چیلنج کیا گیاہے جو ایک کیس میں سزا یافتہ ہے لاہو رکینٹ وارڈ 10سے آزاد امیداور فہیم احمد خان نے بھی لیگی اُمیدوار خالد احمد کے خلاف درخواست دے دی ہے جوصرف 175ووٹوں سے ہارے ہیں اور انکی طرف سے دھاندلی کے الزامات ہیں توقع کی جارہی ہے کہ ان حلقوں کے28اپریل کو جاری ہونے والے کامیابی کے سرکاری نوٹیفیکشن روک لیے جائیں گے ۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات