بلدیہ عظمیٰ کراچی میں مالی مسائل کے باوجود ملازمین کی تنخواہ اور پنشن کی ادائیگی ترجیحات میں شامل ہیں،ایڈمنسٹریٹر بلدیہ عظمیٰ کراچی

پیر 27 اپریل 2015 20:32

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 27اپریل۔2015ء) ایڈمنسٹریٹر بلدیہ عظمیٰ کراچی ثاقب احمد سومرو نے کہا ہے کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی میں مالی مسائل کے باوجود ملازمین کی تنخواہ اور پنشن کی ادائیگی ترجیحات میں شامل ہیں اور اب بلدیاتی ملازمین کو وقت پر تنخواہ مل رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں سجن یونین کے چیئرمین ذوالفقار شاہ کی قیادت میں ملاقات کے لئے آنے والے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر یونین کے نمائندوں نے ایڈمنسٹریٹر کراچی سے کہا کہ صفائی ستھرائی کے امور پر مامور عملے کو اوور ٹائم نہیں ملتا تاہم ان کو سالانہ اعزازیہ دیا جائے جس کی پہلے ہی منظوری ہوچکی ہے۔ ایڈمنسٹریٹر کراچی نے اس موقع پر یونین کے نمائندوں کو یقین دلایا کہ بلدیہ کے ملازمین خصوصاً مزدوروں کی ہرممکن حوصلہ افزائی کی جاتی ہے ہماری کوشش ہے کہ ملازمین کو وقت پر تنخواہ ملے اور اس کے لئے ہم حتی الامکان کوشش کرتے ہیں جس کے نتیجے میں ملازمین کو وقت پر تنخواہ کی ادائیگی ہو رہی ہے انہوں نے کہا کہ وسائل دستیاب ہونے پر ملازمین کے جملہ مسائل کو حل کیا جائے گا تاہم جن ملازمین نے اضافی کام کیا ان کو مرحلہ وار ہی اعزازیہ دیا جاسکتا ہے۔

(جاری ہے)

دریں اثناء ایڈمنسٹریٹر کراچی ثاقب احمد سومرو نے ہدایت کی ہے کہ عباسی شہید اسپتال کے ہاؤس جاب ڈاکٹرز، پوسٹ گریجویٹ اسٹوڈنٹس اور مڈ وائف طلبہ کو 6 ماہ کی تنخواہ ادا کی جائے۔ قبل ازیں عباسی شہید اسپتال کے ڈاکٹروں کے ایک وفد نے ایڈمنسٹریٹر کراچی سے ان کے دفتر میں ملاقات کی اور کہا کہ پوسٹ گریجویٹ اسٹوڈنٹس گزشتہ 15 ماہ سے عباسی شہید اسپتال میں کام کر رہے ہیں مگر ان کو ابھی تک ایک ماہ کی تنخواہ بھی نہیں ملی۔

اس پر ایڈمنسٹریٹر کراچی نے فوری طور پر سینئر ڈائریکٹر میڈیکل اینڈ ہیلتھ سروسز ڈاکٹر سلمیٰ کوثر اور فنانشل ایڈوائزر آفاق سعید کو طلب کیا اور ہدایت کی کہ عباسی شہید اسپتال کے ہاؤس جاب ڈاکٹروں اور پوسٹ گریجویٹ اسٹوڈنٹس کو فوری طور پر 6 ماہ کی تنخواہ ادا کی جائے باقیماندہ تنخواہ جون سے قبل ادا کردی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :